|

وقتِ اشاعت :   May 19 – 2024

حالات معمول پر آنے  تک نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا دورہ کرغزستان مؤخر ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے کرغزستان کے دورے میں تاخیر کی وجہ سامنے آگئی۔ ذرائع کے مطابق بشکیک میں حالات معمول پر آنے تک دورے میں تاخیر کی گئی۔

ذرائع کے مطابق حکومت کو موصول ابتدائی رپورٹ کے مطابق معاملات کو سوشل میڈیا پر زیادہ ہوا دی گئی، وزیراعظم  طلبا کے معاملے پر لمحہ بہ لمحہ سفارتخانے کےساتھ رابطے میں ہیں۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بشکیک میں پھنسے طلبا کیلئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو آج کرغزستان بھجوانے کا فیصلہ کیا تھا۔ وزیراعظم شہبازشریف نے نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار اور وزیرامور کشمیر امیرمقام کو آج کرغزستان پہنچنے کا کہہ دیا تھا۔

شہبازشریف نے کہا مشکل وقت میں پاکستان کے بیٹے اور بیٹیوں کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے ، سفارتخانہ زخمی طلبہ کو علاج کی بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے۔ جو طلبا پاکستان واپس آنا چاہیں ان کی سرکاری خرچ پر واپسی کے انتظامات کئے جائیں۔

وزیراعظم ہفتہ کو پورا دن صورتحال کا جائزہ لیتے رہے اور بشکیک میں پاکستانی سفیر سے رابطے میں رہے۔ بشکیک میں پاکستانی سفارتخانہ بھی پوری طرح متحرک ہے، قونصلر مروان کا آئی ایم یو ہاسٹل کا دورہ، توڑ پھوڑ دیکھی اور طلباء سے تفصیلات حاصل کیں۔

وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے خود کرغز حکام سے رابطہ کیا۔ معاملے پر اسلام آباد میں کرغزستان کے ناظم الامور کی دفترخارجہ طلبی کرکے احتجاجی مراسلہ بھی دیا گیا ۔ ترجمان کے مطابق کرغز حکام نے انکوائری کرانے اور قصورواروں کو سزا دینے کا وعدہ کیا ہے۔