|

وقتِ اشاعت :   May 23 – 2024

کوئٹہ : بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی) کے مرکزی صدر راجی راہشون فرزند بلوچستان رکن صوبائی اسمبلی میر اسد اللہ بلوچ نے کہا ہے کہ آزادی صحافت اور اظہار رائے پر قدغن لگانے سے اپنے مسائل کے حل کے لئے اٹھنے والی آوازوں کو دبانے سے مسائل بڑھیں گے

اس لئے مقتدرہ اور ارباب اختیار کو میڈیا کا گلہ گھونٹنا نہیں چاہئے کوئٹہ پریس کلب کو تالا لگانے کا واقعہ بہت ہی تشویشناک ہے تمام سیاسی جماعتوں کو اس پر میڈیا کا ساتھ دینا چاہئے

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کلب کے صدر عبدالخالق رند، جنرل سیکرٹری بنارس خان اور بلوچستان یونین آف جرنلسٹ کے صدر خلیل احمد ، جنرل سیکرٹری عبدالشکور اور دیگر سینئر صحافیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے گفتگو کے دوران کیا اس موقع پر بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی) کے رہنماء ڈاکٹر ناشناس لہڑی اور پارٹی کے دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔

میر اسد اللہ بلوچ نے کہا کہ کسی بھی معاشرے میں میڈیا کلیدی کردار رہا ہے کیونکہ میڈیا نے ہمیشہ حق اور سچ کا ساتھ دیا ہے اور دنیا بھر میں پریس کلبوں کو اہمیت دی جاتی ہے کیونکہ کسی بھی معاشرے اور ملک کے لوگ اپنی حق اور سچ پر مبنی آواز اور مسائل کو حکام بالا اور عوام تک پہنچانے کے لئے میڈیا کے توسط سے پریس کلب آکر لوگوں تک پہنچاتے ہیں

پہلی بار کوئٹہ پریس کلب کو تالا لگایا گیا جب بلوچستان کے رہنے والے سپوت اپنے مسائل کے حل اور گوادر میں لگائی جانے والی باڑ کے خلاف لوگوں تک اپنا موقف پہنچانے کے لئے آئے تو انتظامیہ اور پولیس حکام کی جانب سے پریس کلب کو تالا لگانا درست عمل نہیں حکومت اور سیاسی جماعتوں کو اس ناروا افسوسناک واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے صحافیوں کا ساتھ دینا کیونکہ صحافیوں نے ہی سیاسی جماعتوں اور معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کی آواز حکام اور ارباب اختیار تک پہنچائی اس لئے جو حالات پیدا کئے جارہے ہیں

اس میں میڈیا کا گلہ گھونٹ کر آزادی صحافت اور اظہار رائے کی آزادی کو سلب کرکے اپنی مرضی اور منشاء کے مطابق میڈیا اور اداروں کو چلانے کی کوشش کی جارہی ہے اسی لئے پارلیمنٹ میں ایسے لوگوں کو لایا جارہا ہے

جو ان کی جی حضوری کریں اور حقیقی سیاسی عوامی نمائندوں کا ہر محاذ پر راستہ روک کر ان کے لئے مشکلات پیدا کی جارہی ہے جو سیاسی اور جمہوری ، آئینی عمل کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ پیدا کرکے اپنے منظور نظر لوگوں کو ایوان سمیت دیگر اداروں میں مسلط کرکے اپنے مذموم مقاصد حاصل کئے جاسکیں ہم میڈیا کی آزادی صحافیوں کی بقاء کے لئے بحیثیت سیاسی کارکن اور جماعت کے ان کا ساتھ دیتے ہوئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے

اس موقع پر صدر کوئٹہ پریس کلب عبدالخالق رند اور صدر بلوچستان یونین آف جرنلسٹ خلیل احمد نے میر اسد اللہ بلوچ اور ان کے عہدیداروں کا صحافیوں کا ساتھ دینے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ بھی آزادی صحافت اور اظہار رائے کے خلاف حکومتی اقدامات کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے صحافیوں کا ساتھ دیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *