|

وقتِ اشاعت :   June 12 – 2024

کوئٹہ: بلو چستان ہائی کورٹ میں گندم خریداری کیس میں وزیر اعلیٰ بلو چستان اور چیف سیکر ٹری بلو چستان میں پیش، گندم خردبرد کیس کی سماعت آج صبح تک ملتوی کر د ی گئی۔

بدھ کو بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ہاشم کاکڑ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے گندم خریداری کیس کی سماعت کی ،سماعت کے دوران وزیر اعلی بلوچستان میر سر فراز احمد بگٹی اور چیف سیکرٹری بلوچستان عدالت میں پیش ہوئے،

اس موقع پر چیف جسٹس ہاشم کاکڑ نے کہاکہ محکمہ خوراک کے گوادموں پڑی گندم خراب ہورہی ہے اس وقت محکمہ خوراک کے گوداموں میں 8 لاکھ 50 ہزار بوری گندم پڑی ہے مزید کی گنجائش نہیں اور آپ مزید 5 لاکھ بوری گندم خریدنے جارہے ہیں،جسٹس ہاشم کاکڑ نے ریمارکس دیئے کہ 2013 سے اب تک محکمہ خوراک پر بیضابطگیوں کے بہت سے کیسز ہیں نصیر آباد شہریوں کا الزام ہے کہ 4 یا 5 خاندانوں کو نوازا جارہا ہے اور عوام کو کوئی فائدہ نہیں پہنچ رہا غریب صوبے کے عوام کے پانچ ارب روپے نہ ڈبوئے جائیں جہاں سبسڈی کی ضرورت ہے وہاں نہیں دے رہے اور جہاں نہیں ملنا چاہئے وہاں آپ دے رہے ہیں۔

انہوں نے ریمارکس دیئے کہ چینی، گھی، نمک اور باقی چیزیں بھی ضرورت کی ہیں پھر ان اشیاء کیلئے عوام کے ٹیکس کے پیسے سبسڈی کی مد میں رکھیں گے؟ غریب صوبے کے پی ایس ڈی پی پر ترس کھائیں۔ اس موقع پر وزیر اعلی بلوچستان میر سر فراز احمد بگٹی نے عدالت میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ عدالت میں آنے پر خوشی محسوس کرتے ہیں انا مجروع نہیں ہوئی،

کابینہ اجلاس میں چیف سیکریٹری اور میں خود گندم خریداری کے حق میں نہیں تھے لیکن مسئلہ یہ آتا ہے کہ کسانوں کو فائدہ دینا تھا اور کابینہ کے دیگر اراکین سندھ کے طرز کسانوں کو فائدہ پہنچانے میں متفق تھے

ہم مڈل مین کے بجائے عام کسان کو فائدہ پہنچانا چاہتے ہیں، سوشل میڈیا کے ذریعے اطلاعات ملتی رہی کہ فائدہ کسانوں کے بجائے کوئی اور اٹھا رہا ہے اسلام آباد میں ہونے کی وجہ سے گزشتہ سماعت میں پیش نہیں ہوسکا گندم محفوظ کرنے کیلئے سیکرٹری اور دیگر حکام سے ملاقات نہیں ہوسکی مزید ایک دن کی مہلت دی جائے آج عدالت میں آکر تفصیلات سے آگاہ کرونگا۔

انہوں نے کہاکہ اگر عوام کے پیسوں کو محفوظ نہیں کرسکا تو اس مد میں رکھے پیسوں کا کوئی راستہ نکال لونگا، آج صبح ساڑھے نو بجے آکر عدالت کو مطمئن کرونگا،چیف جسٹس ہاشم کاکڑ نے کہاکہ ایک دن نہیں ہم دس دن کی مہلت دیں گے لیکن کام چاہئے ،عدالت نے گندم خردبرد کیس کی سماعت آج صبح تک ملتوی کر د ی ۔