|

وقتِ اشاعت :   June 28 – 2024

کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کی قیادت نے ہمیشہ پاکستان کی بقاء، سالمیت اور ترقی کے لئے کام کیا ہے ، کارکن پارٹی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیںانکی قدر اورکام کئے بغیر پارٹی کو آگر لیکر جانا ناممکن ہے،

پارٹی میں گروپ بندی کی کوئی گنجائش نہیں صوبائی تنظیم نو جلد مکمل کرلی جائے گی، کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کے لئے شب و روز محنت کرنی ہوگی ۔

یہ بات پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی وزراء میر سلیم کھوسہ، میر عاصم کر دگیلو، نور محمد دمڑ، ارکان اسمبلی حاجی برکت علی رند، حاجی محمد خان لہڑی ، میر زرین مگسی،حادیہ نواز نے گزشتہ شب صوبائی وزیر میر سلیم کھوسہ کی جانب سے مسلم لیگ(ن) کے ڈویژنل اور ضلعی عہدیداروں کے ساتھ نشست کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔اس موقع پر پارٹی رہنمائوں،

کارکنوں نے صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی کو پارٹی فعالیت کے حوالے سے اپنی آراء سے آگاہ کیا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میر سلیم کھوسہ نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے کارکن نظریاتی ہیں جنہوں نے اپنی زندگیاں جماعت کے لئے صرف کی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کی شکل میں مسلم لیگ(ن) کے پاس و ہ قیادت ہے

جنہوں نے ہمیشہ پاکستان اور بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے کام کیا ہے ہماری قیادت وطن سے محبت کرتی ہے

اور اب بات کا ادراک ہر ایک شخص کو ہوچکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے 2022میںسیلاب کے دوران بطور وزیراعظم بلوچستان بلخصوص نصیر آباد ڈویژن کے 5بار دورہ کیا اور سیلاب متاثرین کے لئے فوری طور پر ریلیف کے اقدامات کئے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے موجودہ صوبائی صدر شیخ جعفر خان مندوخیل نے مشکل دور میں پارٹی کی قیادت سنبھالی انہیں کارکنوں کے دکھ اور درد کا ادراک ہے

کارکنوںکو بھی اپنا سینہ کشادہ رکھنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کو بلوچستان بھر میں مینڈیٹ ملا ہے اور اب پارٹی مزید مستحکم اور فعال کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا صرف ایک ایجنڈا ہے کہ پارٹی کو مضبوط کیا جائے کارکن مایوس یاجذباتی نہ ہوں ہم ان کے لئے کام کریں گے اور پارٹی کا کوئٹہ میں منظم دفتر بھی قائم کریں گے جہاں تمام وزراء اور ارکان اسمبلی کارکنوں کو وقت دیا کریں گے او ر ان کے مسائل سنیں گے ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر میر عاصم کرد گیلو، نور محمد دمڑ، ارکان اسمبلی حاجی برکت علی رند، حاجی محمد خان لہڑی ، میر زرین مگسی،حادیہ نواز نے کہا کہ اقتدار میں ہوں یا نہ ہوں پارٹی کارکنوں کے لئے کام کرنا ہماری سیاست کا محور ہے ،

انہوں نے کہا کہ کارکن پارٹی کا اثاثہ ہیں ان کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ گروپ بندی سے پارٹی کمزور ہوگی ہمیں پارٹی کے لئے کام کرنا ہے تا کہ کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں اکثریت سے کامیابی حاصل کر سکیں ۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کو تنظیم اور قیادت کی ضرورت ہے اس مسئلے پر جلد پیش رفت کی جائے گی ۔