|

وقتِ اشاعت :   June 30 – 2024

لاہور ہائی کورٹ میں وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کو سینیٹ کی نشست سے نااہل قرار دینے کی درخواست دائر کر دی گئی۔

قائم مقام چیف جسٹس شجاعت علی خان کل بطور اعتراضی درخواست پر سماعت کریں گے، رجسٹرار آفس نے درخواست گزار کو متاثرہ فریق نہ ہونے کا اعتراض عائد کیا۔

درخواست شہری مشکور حسین نے ندیم سرور ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر کی جس کے مطابق محسن نقوی چیئرمین پی سی بی کا عہدہ رکھتے ہوئے سینیٹر بننے کے اہل نہیں۔

درخواست کے مطابق سینیٹ کی نشست کے لیے کاغذاتِ نامزدگی جمع کراتے وقت محسن نقوی پی سی بی کے چیئرمین تھے، آرٹیکل 63 کے تحت محسن نقوی سینیٹر کے عہدے پر برقرار نہیں رہ سکتے۔

درخواست میں لاہور ہائی کورٹ سے محسن نقوی کو سینیٹر کے عہدے سے ہٹانے کا حکم دینے کی استدعا کی گئی ہے۔