پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ہفتے کے آخری کاروباری روز ٹریڈنگ کے دوران شدید مندی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے، آج بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 1900 پوائنٹس سے زائد کی کمی ہوئی۔
پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق صبح تقریباً 11 بج کر 17 منٹ پر کے ایس ای-100 انڈیکس 1290 پوائنٹس یا 1.58 فیصد تنزلی کے بعد 80 ہزار 549 پر آگیا۔
بعد ازاں، جمعہ کی نماز کے وقفے کے بعد مندی کے رجحان مزید اضافہ ہو گیا اور سہ پہر تقریباً 4 بج کر 29 منٹ پر انڈیکس 1903 پوائنٹس یا 2.33 فیصد گر کر 79 ہزار 935 پر آگیا، جو گزشتہ روز 81 ہزار 839 پر بند ہوا تھا۔
یاد رہے کہ 13 جولائی کو عالمی مالیاتی فنڈز (آئی ایم ایف) کے ساتھ اسٹاف کی سطح کا معاہدہ ہونے کے بعد اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان رہا اور 15 جولائی کو کے ایس ای-100 انڈیکس 1211 پوائنٹس اضافے کے بعد 81 ہزار کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔
اسی طرح گزشتہ روز 100 انڈیکس 684 پوائنٹس یا 0.84 فیصد اضافے کے بعد 81 ہزار 839 پر پہنچ گیا تھا۔
ای ایف جی ہرمیس پاکستان کے چیف ایگزیکٹیو رضا جعفری نے بتایا تھا کہ مارکیٹ میں آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف کی سطح کا معاہدہ ہونے پر مثبت ردعمل دیکھا جا رہا ہے کیونکہ یہ کلی معاشی استحکام اور اصلاحات کے لیے معاون ثابت ہوگا۔
اے کے ڈی سیکیورٹیز کے ڈائریکٹر ریسرچ اویس اشرف نے بھی انہی خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدے سے سرمایہ کاروں کی دلچسپی بڑھانے میں مدد ملی۔
یاد رہے کہ 13 جولائی کو عالمی مالیاتی فنڈز (آئی ایم ایف) اور پاکستان کے درمیان 7 ارب ڈالر قرض پروگرام کا اسٹاف لیول معاہدہ طے پاگیا تھا، جس کی مالیت 7 ارب ڈالرز ہے جب کہ اس کا دورانیہ 37 ماہ ہوگا۔
اس سے قبل 3 جولائی کو بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 680 پوائنٹس اضافے کے بعد تاریخ میں پہلی باز 80 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کر گیا تھا۔
20 جون کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی کا رجحان رہا تھا، اور بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 2094 پوائنٹس اضافے کے بعد 78 ہزار 801 کی نئی بلند سطح پر پہنچ گیا تھا۔
اس سے اگلے روز ابتدائی ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای-100 انڈیکس 1199 پوائنٹس اضافے کے بعد 80 ہزار کی نئی بُلند ترین سطح پر پہنچ گیا، تاہم کاروبار کے اختتام تک یہ رجحان برقرار نہیں رہ سکا تھا اور انڈیکس محض 9 پوائنٹس اضافے سے 78 ہزار 810 پر بند ہوا تھا۔
اس سے قبل 12 جون کو بجٹ پیش کیے جانے کے بعد 14 جون کو بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 877 پوائنٹس اضافے کے بعد تاریخ میں پہلی بار 77 ہزار کی سطح عبور کر گیا تھا۔
24 مئی کو بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 76 ہزار پوائنٹس کی نئی بُلند ترین سطح پر پہنچا تھا۔
15 مئی کو انڈیکس 565 پوائنٹس اضافہ کے ساتھ 100 انڈیکس 75 ہزار 96 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔
اس سے قبل پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 74 ہزار کی حد عبور کرگیا تھا۔