وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ شہداء پولیس قوم کا فخر ہیں، سلام پیش کرتے ہیں۔
وزیراعظم کی جانب سے یومِ شہداء پولیس کے موقع پر پیغام جاری کرتے ہوئے شہید افسران اور اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج پولیس کے بہادر افسران واہلکاروں کی جرات و بہادری کو یاد کرنے کا دن ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس اہلکاروں کی قربانیاں لازوال ہیں۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پولیس نے ہر اول دستے کے طور پر ذمہ داریاں نبھائیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے ہمیشہ جانوں کا نذرانہ دے کر قوم کا مستقبل محفوظ اور روشن بنایا۔ شہداء پولیس قوم کا فخر ہیں، سلام پیش کرتے ہیں۔ شہید افسران اور اہلکاروں کے خاندانوں کا خیال رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی اپنے پیغام میں کہا کہ پولیس کے تمام شہداء کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ پولیس کی لازوال قربانیاں ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، امن کے لیے تمام صوبوں کی پولیس کی خدمات مثالی ہیں۔