کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوانوں کو ریاست سے دور کرنے کے لئے ان کے ذہنوں میں نفرت کے بیج بوئے گئے ،
ریاست اپنے نوجوانوں کو گلے لگا کر ان کی احساس محرومی کا مدوا کرے گی، بلوچستان یوتھ پالیسی 2024 پر حقیقی معنوں میں عمل درآمد ضروری ہے تاکہ نوجوانوں کی درست سمت میں رہنمائی ہوسکے اور انہیں آگے بڑھنے اور ترقی کے مواقع میسر آسکیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان کابینہ کے پانچویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،
اجلاس میں مختلف محکموں کے ایجنڈہ پوائنٹس پر اہم انتظامی فیصلے کئے گئے وزیر اعلٰی بلوچستان نے محکمہ فوڈ کے ذمہ نجی بنکوں کے واجب الادا قرضوں کی جلد از جلد واپسی کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے غریب عوام کا پیسہ سود در سود کی مد میں نہیں دے سکتے
روزآنہ بیس لاکھ روپے اور ماہانہ چھ کروڑ روپے انٹرسٹ کی مد میں ادا کئے جاتے ہیں یہ ظلم ہے اور اب ایسی پریکٹس کو بند ہونا چاہئے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبے میں بحالی امن کیلئے پولیس اور لیویز کی پیشہ وارانہ استعداد کار میں اضافہ کریں گے دونوں فورسز کی بنیادی ذمہ داری ایک ہی ہے
لہذا ایریا کی تخصیص کے قطع نظر بہتر رابطہ کاری سے امن کی بحالی بنیادی ہدف ہونا چاہیے، وزیر اعلٰی نے کہا کہ انسانی ہمدردی کا پہلو اپنی جگہ تاہم خلاف قانون کوئی کام نہیں کریں گے خود مختار اتھارٹیز کو حکومت پر انحصار کے بجائے اپنے وسائل میں اضافہ کرنا ہوگا کب تک عوام کے وسائل ایسی اتھارٹیز پر نچھاور کرتے رہیں گے
بنیادی طور پر اتھارٹیز کے قیام کا مقصد وسائل میں اضافہ ہوتا ہے لیکن بدقسمتی سے اتھارٹیز یہاں حکومت پر بوجھ بن جاتی ہیں اور اپنے وسائل پیدا کرنے کے بجائے حکومت پر انحصار کرتی ہیں
غیر ترقیاتی اخراجات میں ایسے ہی اضافہ ہوتا رہا تو آئندہ دس سالوں کے دوران حکومت کے پاس تعلیم صحت اور آبنوشی کی بنیادی سہولیات کے لئے بھی وسائل نہیں ہوں گے،
کابینہ اجلاس کی کارروائی سے قبل آکسفورڈ یونیورسٹی لندن میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے طلبہ یونین کے صدر اسرارللہ خان کاکڑ کو اعزازی مہمان کی حیثیت سے مدعو کیا گیا کابینہ نے اسرارللہ خان کو آکسفورڈ یونیورسٹی طلبہ یونین کا صدر منتخب ہونے پر مبارک باد دی اور خراج تحسین پیش کیا،
وزیر اعلٰی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ اسرار اللہ جیسے محنتی اور باصلاحیت نوجوان ہمارے ملک کا سرمایہ ہیں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے بعد اسرارللہ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ پاکستان سے آکسفورڈ یونیورسٹی طلبہ یونین کے دوسرے صدر منتخب ہوئے ہیں بلوچستان حکومت ایسے تمام باصلاحیت نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرے گی ،
اس موقع پر اسرارللہ خان نے خصوصی دعوت پر وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور کابینہ اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کے اعزاز کی بات ہے کہ وہ اہم فیصلہ ساز فورم پر آئے ، اسرارللہ خان نے تعلیم کی ترقی کے لئے صوبائی حکومت خصوصاً وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے بلوچستان کے طالب علموں اور نوجوانوں کو محنت کی ترغیب دی۔