|

وقتِ اشاعت :   August 14 – 2024

چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف بیرسٹر گوہر خان نے پاکستان کے 78 ویں یومِ آزادی کے موقع پر کہا ہے کہ ملک کی خوش حالی اور استحکام کے لیے سب کو کردار ادا کرنا ہے۔

یاد رہے کہ آج پاکستان بھر میں 78واں یومِ آزادی منایا جا رہا ہے۔

اس موقع پر بیرسٹر گوہر خان نے اپنے پیغام میں دنیا بھر کے تمام پاکستانیوں کو جشنِ آزادی کی مبارک دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عظیم ملک ہے جسے عظیم تر بنانا ہے۔

بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا ہے کہ اس خوشی میں ہم سب شریک ہیں،  پاکستان زندہ باد۔

اس سے قبل یومِ آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ وعدہ کرتا ہوں کہ مہنگائی، بجلی کی قیمت میں کمی اور پاکستان کی ترقی کے لیے اپنی جان لڑا دوں گا۔

انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی آپ سب کو مبارک، آزادی کے لیے ہمارے بزرگوں نے عظیم قربانیاں دیں، آج تحریکِ آزادی کے شہداء اور غازیوں کو سلامِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ ان سب کو سلام جنہوں نے پاکستان کے لیے جان کا نذرانہ پیش کیا، 1947ء کو پاکستان ہندوستان سے الگ ہو کر ایک اسلامی فلاحی مملکت بنا۔