اسلام آباد: ملک میں کئی ماہ سے جاری انٹرنیٹ کے مسائل بالآخر حل ہونا شروع ہو گئے جس کے بعد سوشل میڈیا ایپس بحال اور ڈیٹا ڈاؤن لوڈ ہونا شروع ہو گیا۔
ملک بھر میں انٹرنیٹ صارفین کو سوشل میڈیا ایپس بالخصوص ٹوئٹر (ایکس) کے استعمال میں شدید مشکلات کا سامنا تھا جبکہ گزشتہ کئی روز سے واٹس ایپ پر بھی وائس میسجز، تصاویر اور ویڈیوز ڈاؤن لوڈ نہیں ہو رہی تھیں۔
انٹرنیٹ کی رفتار انتہائی سست ہونے کے باعث ملک بھر میں آن لائن کاروبار سے منسلک لاکھوں افراد کو شدید پریشانی کا سامنا تھا۔
گزشتہ روز انٹرنیٹ سرور پرووائیڈرز ایسوسی ایشن نے بھی اپنے بیان میں کہا تھا کہ اگر انٹرنیٹ کی یہی صورتحال جاری رہی تو ڈیجیٹل معیشت کو شدید نقصان ہو گا اور بین الاقوامی کمپنیاں پاکستان کے بجائے دوسرے ممالک کی طرف جائیں گی۔
انٹرنیٹ کی سست روی کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں بھی گزشتہ روز درخواست دائر کی گئی تھی جس پر آج سماعت بھی ہو رہی ہے۔
تاہم اب ملک میں سوشل میڈیا ایپس کئی روز بعد بحال ہونا شروع ہو گئی ہیں اور ڈیٹا بھی ڈاؤن لوڈ ہونا شروع ہو گیا ہے۔
ڈاکیومنٹس، تصاویراور وائس نوٹس کئی دن کے بعد ڈاؤن لوڈ ہونا شروع ہو گئے ہیں۔