پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ 4 سال ملکی معیشت تباہ کرنے والے 14 روپے یونٹ کے ریلیف پر پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ اخلاق سے گری بات کی گئی کہ نواز شریف نے بجلی پر ریلیف کا اعلان کر کے اپنا قد چھوٹا کیا، چھوٹے قد والے لوگ ریلیف پر تنقید کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے تمام صوبوں سے درخواست کی بجٹ میں کمی کر کے عوام کو ریلیف دیں، وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا ایجنڈا تھا کہ روٹی سستی کرنی ہے، بہترین گورننس سے پنجاب کے عوام کے لیے سستی روٹی ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ کسان کارڈ اس وقت کسانوں کو مل رہا ہے، لیپ ٹاپس اور اسکالر شپ کے بعد اب سولر اسکیم بھی لائی جا رہی ہے، 2013ء سے 2018ء تک ملک کی معیشت ترقی کر رہی تھی، ملک سے دہشت گردی ختم اور آئی ایم ایف کو خداحافظ کیا گیا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ پچھلے 16 ماہ کی حکومت میں شہباز شریف نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، وزیرِ اعظم نے اپنے بجٹ سے کمی کر کے 200 یونٹ تک کے صارفین کو 50 ارب روپے تک ریلیف دیا۔
ان کا کہنا ہے کہ باقی صوبوں کو وفاق کا ہاتھ بٹانا چاہیے، ایک صوبے نے مکینزم بنایا ہے، تمام صوبے بھی اس روایت پر عمل کریں، 4 ماہ پہلے شرحِ سود 22 فیصد تھی، مہنگائی 26 سے 27 فیصد تھی، مہنگائی میں کمی سے شرحِ سود میں کمی ہو رہی ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ نوجوانوں کے ہاتھ میں لیپ ٹاپ کی روایت نواز شریف اور شہباز شریف نے رکھی، ہم نے نوجوانوں کے ہاتھوں میں پیٹرول بم نہیں دیے، ہم ملک میں مہنگائی کم کرنے آئے ہیں، مشکل ترین حالات میں آسانیاں پیدا کرنا ن لیگ کی سیاست ہے۔
پنجاب کی سینئر وزیر کا مزید کہنا ہے کہ آج پروپیگنڈا کیا گیا کہ صفر سے 200 یونٹ تک بجلی صارفین محروم رہ گئے ہیں، ریلیف پنجاب کے اپنے بجٹ سے دیا گیا ہے، معیشت تباہ کرنے والے 14 روپے فی یونٹ ریلیف پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت میں آتے ہی رمضان پیکیج گھر کی دہلیز پر دیا، اٹھارہویں ترمیم کے بعد تمام صوبوں کو اختیار ہے ان کے پاس اپنا بجٹ ہے وہ عوام کو ریلیف دیں۔