قلات: قلات میں گزشتہ روز بھی مون سون کے بارشوں کے سلسلہ جاری رہا اور مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش سے قلات کے ملحقہ علاقوں چھپر چھاتی دشت گوران کپوتو عالی دشت حسن لالو اسکلکو گزگ جوہان تخت سارون اور دیگر علاقوں کا قلات سے زمینی رابطہ منقطع ہوگئی اور کئی سڑکیں بہا کر لے گئی
جبکہ نشیبی علاقے زیرآب آگئے اورندی نالوں میں طغیانی اور طوفانی بارش سے کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پنچا جس سے زمینداروں کو کروڑوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا جبکہ قلات میں طوفانی بارش سے پی ٹی سی ایل کی انٹرنیٹ بند جس سے صارفین اور صحافیوں کو مشکلات کا سامنا کرناپڑا
اور پہاڑوں سے آنے والا قلات زاوہ ندی کا بڑا ریلہ قلات شہر کے وسط سے گزر گیا جبکہ زاوہ ندی کا 50 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا اس ندی میں مون سون کے بارشوں سے پانی سات بار آنے کا ریکارڈ قائم کیا گیا تھا مگر اب کی بار آٹھ بار آنے سے 50 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا دریں اثناء خیسن دون کے قبائلی رہنماء میرعبدالحکیم محمدحسنی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ
خیسن دون کے انفراسٹرکچر جس میں ہسپتال (بی ایچ یو) سڑک، رہائشی مکانات شامل ہیں شدید متاثر ہوئے زرعی اجناس کے فصلات ،زرعی بندات اور زرعی اراضیات تباہ ہوگئے ہیں کچھ زرعی بورنگ بھی منہدم ہوکر مکمل ناکارہ ہوگئے ہیں جس سے متاثرین کو نقصانات سے دوچار ہونا پڑا انہوں نے صوبائی حکومت بلوچستان اور ضلعی انتظامیہ قلات سے مطالبہ کیا ہے کہ پورے ضلع قلات اور خاص کر خیسن دون کے علاقے میں سیلابی تباہ کاریوں کا نوٹس لیکر نقصانات کا تخمینہ لگا کر ازالے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں۔
بلوچستان میں جاری مون سون بارشوں کے باعث مزید دو اموات کی تصدیق مجموعی تعداد 21ہوگئی ۔ محکمہ پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق منگل کو بلوچستان حالیہ بارشوں سے مزید دو افراد کی تصدیق ہونے کے بعد مجموعی تعداد 21جبکہ زخمیوںکی تعداد 12ہوگئی ۔ رپورٹ کے مطابق خضدار سے 5، حب سے 3، پشین، قلعہ عبداللہ، زیارت، ژوب سے دو، دو جبکہ لورالائی، کچھی، سبی ، قلات، مستونگ سے ایک، ایک اموات رپورٹ ہوئی ہیں ۔
رپورٹ کے مطابق صوبے میں 432گھروں کو جزوی جبکہ 147کو مکمل نقصان پہنچا ہے جس سے اب تک 4053افراد متاثر ہوئے ہیں ۔ رپورٹ کے مطابق یکم جولائی سے اب تک 7پلوں، 35کلو میٹر سڑکوں ، 102ایکڑ فصلوں کو نقصان پہنچا ہے ۔
دوسری جانب منگل کو ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل، شیرانی، لورالائی، کو ہلو، سبی ،زیارت، لسبیلہ، قلات، خضدار اور نصیر آباد میں تیز ہوائوںاور گرج چمک کے ساتھ بارش کاسلسلہ جاری رہا جبکہ محکمہ موسمیات نے آج بدھ کو صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے جبکہ ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل، شیرانی، لورالائی، سبی ،زیارت، لسبیلہ، قلات ، خضدار اور نصیر آباد میں تیز ہوائوںاور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے ۔