کہوٹہ سے راولپنڈی آنے والی مسافر بس حادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں 29افراد جاں بحق ہو گئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق حویلی کہوٹہ سے راولپنڈی آنے والی بس کھائی میں گر گئی، حادثے میں 29 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔
پولیس حکام کا اس حوالے سے بتانا ہے کہ بس میں 30 افراد سوار تھے، حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام افراد کا تعلق آزاد کشمیر سے ہے۔
مقامی ذرائع کا بتانا ہے کہ مسافر بس کو حادثہ پانہ پل کے قریب پیش آیا تاہم حادثے کی وجوہات ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت میتوں اور زخمی کو بس سے نکالا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نےکہوٹہ کے قریب بس کھائی میں گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کےضیاع پراظہار افسوس کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے اظہار ہمدردی و تعزیت کیا ہے۔
ایس ایچ او تھان کہوٹہ محمد ذکاء نے جیو نیوز سےگفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بس حادثہ آزاد پتن روڈ اولہاڑ پل کےقریب پیش آیاہے، حادثہ جہاں پر پیش آیا ہے یہ کہوٹہ کی حدود ہے،کہوٹہ میں حادثے کی جگہ پولیس، ریسکیو اور انتظامیہ موجود ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بس حادثے میں جاں بحق افراد کی میتیں نکال لی گئی ہیں، جاں بحق افرادکی میتیں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹراسپتال کہوٹہ منتقل کر دی گئی ہیں، جاں بحق افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔