پاکستان میں عالمی مارکیٹ کے زیراثر مسلسل تیسری بار پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق یکم ستمبر سے اگلے 15 روز کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کے نرخوں میں فی لیٹر 5 تا 6 روپے تنزلی کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جس کی بنیادی وجہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی کم قیمتیں ہیں۔
عالمی مارکیٹ میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں گزشتہ 15 روز کے دوران 2 تا 2.30 ڈالر فی بیرل گری ہیں، حتمی شرح تبادلہ کا حساب کتاب لگانے اور موجودہ ٹیکس شرحوں پر پیٹرول اور ڈیزل کے نرخوں میں 5 روپے فی لیٹر تک کمی کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ عالمی مارکیٹ مین پیٹرول کی اوسط قیمت 82.50 ڈالر فی بیرل سے گر کر 80.40 ڈالر فی بیرل پر آگئی ہے، اسی طرح ڈیزل 90.30 ڈالر فی بیرل کے مقابلے میں 88 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اس وقت حکومت پیٹرول اور ڈیزل پر تقریباً 78 روپے فی لیٹر ٹیکس وصول کر رہی ہے، تاہم تمام پیٹرولیم مصنوعات پر جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) صفر ہے، حکومت نے دونوں مصنوعات پر 60 روپے فی لیٹر لیوی وصول کر رہی ہے۔ حکومت پیٹرول اور ڈیزل پر تقریباً 18 روپے فی لیٹر کسٹم ڈیوٹی بھی لے رہی ہے، آئل کمپنیوں اور ان کے ڈیلرز کو فی لیٹر ڈسٹری بیوشن اور سیل مارجن کی مد میں تقریباً 17 روپے بھی جا رہے ہیں۔