کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہماری خواہش ہے کہ عوام کو سندھ حکومت کے ذریعے کم قیمت میں بجلی فراہم کریں، بہت جلد سندھ بھر کے غریب لوگوں کو سولر مفت فراہم کریں گے۔
وزیراعلی ہاؤس میں سندھ میں سولر ہوم سسٹم تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کو مبارکباد دیتا ہوں جو میرے منشور پر عمل کر رہی ہے، پورے ملک کی سوچ ہے کہ عوام کو سولر فراہم کرنا ہے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ہماری ترجیحات میں شامل ہے، سولر سب سے پہلے کراچی اور لاڑکانہ کے عوام میں تقسیم کیا گیا، غریب ترین طبقے کو سہولیات پہنچائیں، نوکری پیشہ افراد کو بھی کوشش کر کہ سہولیات دیں گے، اگلے فیز میں مڈل کلاس طبقے کو بھی انرجی ٹرانزیشن میں سبسڈی دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ تھرکول میں سستی بجلی پیدا ہوتی ہے، سندھ حکومت نے تھرکول کے ذریعی سستی بجلی فراہم کی، ہم ونڈ پاور میں بھی انویسٹ کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت سولر پارک قائم کریں گے، ہماری خواہش ہے کہ اپنے عوام کو سندھ حکومت کے ذریعے کم قیمت میں بجلی فراہم کریں، بہت جلد سندھ بھر کے غریب لوگوں کو سولر مفت فراہم کریں گے۔
بلاول کا کہنا تھا کہ وفاق کا ہر ادارہ صحیح کام نہیں کرسکتا، ہماری سوچ ہے کہ بڑے پیمانے پر سولر پر جایا جائے، ہم نے موسمیاتی تبدیلیوں اور سیلابوں کو بھگتا ہے، ہمارے پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے تحت سولر کے منصوبے چل رہے ہیں۔