وزیراعظم شہباز شریف سے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے وفد نے ملاقات کی اور سندھ کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں مصطفیٰ کمال، خالد مقبول صدیقی اور امین الحق شریک تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے وزیراعظم کو سندھ کے حوالے سے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا جبکہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا معاملہ بھی اٹھایا۔
ایم کیو ایم نے وزیراعظم سے آئی پی پیز سمیت بجلی کی قیمتوں میں کمی سے متعلق عملدرآمد کا مطالبہ کیا۔
ایم کیو ایم پاکستان نے کراچی سمیت شہری علاقوں میں ترقیاتی کاموں میں سست روی پر تحفظات کا اظہار کیا، ملاقات میں آئینی ترمیم، شہری سندھ کے ترقیاتی فنڈ کی فراہمی پر گفتگو ہوئی۔
ایم کیو ایم وفد نے بلوچستان کی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔
متحدہ وفد نے عوام اور تاجروں کے مسائل بھی وزیراعظم کے سامنے رکھے۔