|

وقتِ اشاعت :   September 8 – 2024

وزیر اعظم شہباز شریف نے عالمی یوم خواندگی کے موقع پر ملک بھر میں تعلیمی ایمرجنسی لگادی۔

خواندگی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ اس مقصد کے لیے، ہم نے ملک بھر میں تعلیمی ایمرجنسی کا اعلان کیا ہے، خواندگی ایک بنیادی انسانی اور آئینی حق ہے، تعلیم اور خواندگی ہمارے ملک کے مستقبل کی ضمانت ہیں،خواندگی محض پڑھنے لکھنے کی صلاحیت نہیں ہے بلکہ یہ بااختیار بنانے، اقتصادی مواقع اور معاشرے میں فعال شرکت کا ایک گیٹ وے ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم تعلیم کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، ہم ایک زیادہ باخبر اور پائیدار قوم کے لیے کوشاں ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ تعلیم ہمارے معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی ہے، اس مقصد کے لیے ہم نے ملک بھر میں تعلیمی ایمرجنسی کا اعلان کرتے ہوئے طلبہ کے اندراج کی مہم شروع کی ہے اور اسکولوں میں بچوں کو دوپہر کا کھانا دینا شروع کیا ہے، اسکول چھوڑنے کی شرح کو کم کرنے اور ہر بچے کو اپنی تعلیم مکمل کرنے کی ترغیب دینے کے لیے وظائف اور دیگر مراعات بھی متعارف کرائی ہیں۔

واضح رہے کہ رواں برس وزیر اعظم نے کہا کہ تیزی سے ابھرتی ہوئی دنیا میں، ٹیکنالوجی کے مطابق خواندگی اور مہارتوں کی ترقی ناگزیر ہے، حکومت ایک جامع منصوبہ پر عمل پیرا ہے جس سے ٹیکنالوجی ہمارے تعلیمی نظام میں ضم ہو جائے گی ، اس بات کا مقصد اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ ہمارے نوجوان ڈیجیٹل معیشت میں ترقی کی منازل طے کرنے کے لیے ضروری مہارتوں سے لیس ہوں، نجی شعبے اور سول سوسائٹی کی تنظیمیں حکومت کی ان کوششوں میں برابر کے شراکت دار ہیں ۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ موثر شراکت داری قائم کر کے، ہم تعلیم کو روزگار اور خود روزگار کے مواقع سے جوڑ سکتے ہیں، جس سے ایک زیادہ مضبوط اور جامع افرادی قوت پیدا ہو سکتی ہے۔آئیے سب کے لیے خواندگی اور تعلیم کو فروغ کے لیے بحیثیت قوم مل کر کام کریں ، اپنے بچوں اور اپنے ملک کا روشن مستقبل بنائیں۔