|

وقتِ اشاعت :   1 day پہلے

کراچی کی احتساب عدالت نے پورٹ قاسم سمیت دیگر پورٹس کے لیے سافٹ ایئر کی تیاری کی مد میں کرپشن کے ریفرنس میں سابق وفاقی وزیر حفیظ شیخ سمیت دیگر ملزمان کو ریلیف دے دیا۔

 کراچی کی احتساب عدالت میں پورٹ قاسم سمیت دیگر پورٹس کے لئے سافٹ ایئر کی تیاری کی مد میں کرپشن کا ریفرنس کیس کی سماعت ہوئی۔

احتساب عدالت نے دائرہ اختیار سے متعلق درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے ملزمان کی درخواست منظور کرلی۔ عدالت نے قومی احتساب بیورو (نیب) ریفرنس واپس چیئرمین نیب کو بھیجنے کا حکم دے دیا۔

ملزمان کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ نیب ترامیم کے بعد احتساب عدالت کے پاس ریفرنس کی سماعت کا اختیار نہیں ہے۔

عدالت نے کہا کہ استغاثہ کے پاس ملزمان کے مالی فوائد حاصل کرنے کے شواہد نہیں ہیں، مالی فوائد کا ہونا نیب ریفرنس کے لیے ضروری ہے، اس کے بغیر نیب عدالت کے پاس ریفرنس چلانے کا دائرہ اختیار نہیں۔

نیب کے مطابق سابق وفاقی وزیر حفیظ شیخ سمیت دیگر ملزمان کے خلاف اختیارات سے ناجائز استعمال اور کرپشن کا الزام ہے۔

ملزمان نے قومی خزانے کو ایک کروڑ 10 لاکھ ڈالر سے زائد کا نقصان پہنچایا جس پر نیب حکام نے ریفرنس بحالی درخواست دائر کر رکھی تھی۔

نیب ریفرنس میں ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ سمیت اظہر مجید خالد، عبداللہ یوسف، عامر ظفر چوہدری اور عرفان سرفراز کو بطور ملزمان نامزد کیا گیا تھا۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *