|

وقتِ اشاعت :   1 day پہلے

صوبہ بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں شیرانی کے پہاڑی سلسلے میں واقع چلغوزے کے جنگل میں آگ بھڑک اٹھی جبکہ جائے وقوعہ پر موجود ٹیمیں آگ بجھانے کی کوشش میں مصروف ہیں۔

ڈپٹی کمشنر شیرانی ثنا ماہ جبین عمران کا کہنا ہے کہ آگ نے چلغوزے اور دیگر سیکڑوں درختوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

ڈپٹی کمشنر شیرانی نے بتایا کہ اسسٹنٹ کمشنر (اے سی) شیرانی، لیویز فورس، جنگلات کی ٹیم مقامی رہائشیوں کے ساتھ جائے وقوعہ کے آس پاس موجود ہیں، دشوار گزار علاقے کی وجہ سے گاڑیاں اس علاقے میں نہیں جا سکتیں۔

ڈی سی کے مطابق پیدل 2 سے 3 گھنٹے کا راستہ ہے جس کی وجہ سے پہنچنے میں دشواری کا سامنا ہے، کبھی کبھی آگ بجھ جاتی ہے لیکن ہوا چلتے ہی دوبارہ بھڑک اٹھتی ہے، جنگل میں موجود ٹیمیں آگ پر قابو پانے کی بھرپور کوشش کررہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہواؤں میں تیزی کے باعث آگ کے مزید پھیلنے کا خدشہ ہے، جنگل میں موجود ٹیمیں صورتحال کا جائزہ لینے اور اس کے مطابق رپورٹ کرنے کی پوری کوشش کر رہی ہیں، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ضرورت پڑنے پر فائر بالز روانہ کر دیے ہیں۔

یاد رہے کہ 20 مئی 2022 کو بلوچستان کے ضلع شیرانی میں چلغوزوں کے ہزاروں درختوں کو آگ لگنے کے باعث 3 افراد جھلس کر ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے تھے۔

اگرچہ مقامی رضاکاروں کا ایک گروپ آگ پر قابو پانے کے لیے پہاڑی علاقے میں پہنچ گیا تھا لیکن وہ ہولناک آگ کے سامنے کچھ کرنے میں ناکام رہے۔

شیرانی کے ڈپٹی کمشنر اعجاز احمد کے مطابق تینوں افراد چلغوزوں کے جلتے ہوئے درخت گرنے سے ہلاک ہوئے۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *