وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایف بی آر کا انفورسمنٹ کا نظام بہتر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
وزیرِاعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے امور سے متعلق اجلاس ہوا۔
اجلاس میں وزیرِاعظم نے ایف بی آر ٹرانسفارمیشن پلان کی تعریف کی اور پلان پر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مزید مشاورت کی ہدایت کی۔
انہوں نے ایف بی آر کے انفورسمنٹ نظام کو مزید فعال بنانے کی حکمتِ عملی ترتیب دینے اور اسمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے اقدامات تیز تر کرنے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ ایف بی آر ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن حکومت کی معاشی اصلاحات میں سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ محصولات میں بہتری سے عوام کو سروسز کی فراہمی اور سوشل سیکٹر میں بہتری آئے گی۔
شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ اچھے ٹیکس دہندگان کو دعوت دیں، مشاورت کی جائے اور تجاویز لی جائیں، نجی شعبے کا فروغ حکومتی ترجیحات میں شامل ہے، فعال اور خوش حال نجی شعبہ ملکی معیشت کے لیے انتہائی ضروری ہے۔