وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے ڈپلومیٹک انکلیو میں سعودی عرب کے سفارت خانے میں سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی سے ملاقات کی۔
سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا استقبال کیا۔
محسن نقوی نے سعودی عرب کے قومی دن پر نواف بن سعید احمد المالکی کو مبارک باد دی اور سعودی عرب کے شاہی خاندان و عوام کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
وزیرِ داخلہ نے مشکل کی ہر گھڑی میں تعاون پر سعودی حکومت اور سفیر کا شکریہ ادا کیا۔
اُنہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے ہر آزمائش میں پاکستان کا پورا ساتھ دیا ہے، سیلاب ہو یا زلزلہ، معاشی مشکلات یا کوئی اور مسئلہ، سعودی تعاون کی نظیر نہیں ملتی۔
وزیرِ داخلہ نے مزید کہا کہ سعودی عرب سے ہر مسلمان کو خصوصی عقیدت ہے۔
سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں، پاکستان ہمارا بردار ملک ہے۔