|

وقتِ اشاعت :   September 23 – 2024

وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب نے تمام مشکلات میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا، پاکستان کے معاشی استحکام میں تعاون پر پوری قوم سعودی عرب کی مشکور ہے۔

سعودی عرب کے 94 ویں قومی دن پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب نے تمام مشکلات میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا، پاکستان اور سعودی عرب کے دینی اور ثقافتی اقدار پر مبنی تاریخی تعلقات ہیں۔ ان شاء اللہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین برادرانہ تعلقات ہمیشہ قائم رہیں گے۔

 وزیراعظم نے کہا کہ شاہ سلمان اور شہزادہ محمد کی قیادت میں سعودی عرب عظیم ملک کی حیثیت سےابھرا، آج سعودی عرب مختلف شعبوں میں ترقی پزیر ممالک کی مثالی قیادت کررہا ہے۔ سعودی عرب کا وژن 2030 دنیا بھر کے لیے مثالی نمونہ ہے۔

دوسری جانب سعودی عرب کے 94 ویں قومی دن پر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ شاہی خاندان اورسعودی عوام کیلئےنیک خواہشات اور خیرسگالی کا پیغام دیتا ہوں، پاکستان اور سعودی عرب کے سفارتی تعلقات دوستی، محبت اوربھائی چارے کی اعلیٰ مثال ہے، پاک سعودی عرب دوستی آزمائش کی ہر گھڑی میں پورا اتری ہے۔