پاکستان نے مشرق وسطیٰ میں بڑھتی اسرائیلی مہم جوئی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہری آبادیوں پر اسرائیلی حملے تشویشناک ہیں جب کہ حسن نصراللہ کی شہادت سے خطے میں عدم استحکام مزید بڑھے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں اسرائیل کی بڑھتی ہوئی مہم جوئی پر شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان لبنان کے عوام سے یکجہتی کے لیے ساتھ کھڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے شہری آبادیوں پر مسلسل حملے تشویشناک ہیں، عالمی قوانین کی پامالی تشویشناک حد تک پہنچ چکی ہے، اسرائیل لبنان کی خود مختاری کی خلاف ورزی کررہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیتے ہیں کہ وہ اسرائیل کو خطے میں اس کی مہم جوئی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں سے باز رکھے اور مشرق وسطیٰ میں امن بحال کریں۔
ترجمان کے مطابق حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل حسن نصراللہ کی اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں شہادت پہلے سے غیر مستحکم خطے کو مزید خطرات سے دوچار کرے گا۔
واضح رہے کہ جمعہ کو اسرائیلی فورسز کی جانب سے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں کئی فضائی حملے کیے گئے جس میں ابتدائی طور پر اسرائیل کی جانب سے حزب اللہ سربراہ حسن نصر اللہ کی موت کا دعویٰ کیا گیا۔
بعد ازاں، حزب اللہ نے تنظیم کے سربراہ کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔