ممتاز مذہبی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔
اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچنے پر ان کا استقبال چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود، ایڈیشنل سیکریٹری وزارت مذہبی امور ڈاکٹر سید عطا الرحمٰن اور پارلیمانی سیکریٹری مذہبی امور شمشیر علی مزاری نے کیا۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک کو ایئرپورٹ سے سخت سیکیورٹی حصار میں باہر لایا گیا، وہ اپنے دورہ پاکستان میں کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں مختلف تقاریب سے خطاب کرنے کے ساتھ ساتھ اہم ملکی شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک اسلام آباد،کراچی اور لاہور میں عوامی اجتماعات سے خطاب کریں گے، معروف اسلامی اسکالر نماز جمعہ کے اجتماعات سے خطاب اور امامت بھی کریں گے۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک 28 اکتوبر تک پاکستان میں قیام کریں گے۔