|

وقتِ اشاعت :   October 5 – 2024

وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی پریشانی ہے کہ ملک ترقی نہ کر جائے، ان کے دھرنے کی وجہ سے چین کے صدر کے دورے میں تاخیر ہوئی، ان عناصر کے لیے ملکی ترقی قابلِ قبول نہیں۔

لاہور میں وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ پی ٹی آئی کو پریشانی ہے کہ ملک ترقی کر گیا تو ان کے بیانیے کا کیا بنے گا، چین کی قیادت کا نواز شریف اور شہباز شریف پر اعتماد ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ آج پوری دنیا پاکستان کی معاشی پالیسیوں کی تعریف کر رہی ہے، دنیا بھر کے مختلف سربراہان اور مندوبین پاکستان آ رہے ہیں، تمام سیاسی جماعتوں نے فلسطین، کشمیر اور مسلم امہ کے کاز کی بات کو سراہا ہے۔

عطاء تارڑ نے کہا کہ اقومِ متحدہ میں وزیرِ اعظم شہباز شریف کی تقریر کو پی ٹی آئی کے لوگوں نے بھی سراہا، دنیا کہہ رہی ہے کہ پاکستان کے ساتھ تجارت کرنے کے لیے تیار ہے، معیشت بہتر ہو رہی ہے، مہنگائی سنگل ڈیجٹ میں آ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم معیشت کو ڈیفالٹ کے دہانے سے واپس لے کر آئے ہیں، ورلڈ بینک کے صدر کہہ رہے ہیں کہ پاکستان کی معاشی پالیسی اچھی ہے، آٹے کی فی کلو قیمت 160 روپے سے 80 روپے پر آئی، ماہرینِ معیشت کہہ رہے ہیں کہ ملکی معیشت مستحکم ہو رہی ہے۔

عطاء اللّٰہ تارڑ کا کہنا ہے کہ ریڈ زون پر دھرنے کا مقصد کارِ سرکار کو مفلوج کرنا ہوتا ہے، کسی کو امنِ عامہ سبو تاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، ریڈ زون کے قریب کسی کو پھٹکنے نہیں دیں گے، پہلے پنجاب کو لوٹا گیا، اب خیبر پختون خوا کو لوٹا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ خیبر پختون خوا کی حکومت سرکاری پیسے سے لیڈر کو خوش کرنے پر لگی ہے، سارا ملک ترقی کر رہا ہے صرف کے پی کے میں کچھ نہیں ہو رہا، اسلام آباد میں رینجرز بھی ہے، فوج بھی آ گئی ہے، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ ان کے دھرنے کا مقصد 9 مئی والا ہی ہے، ڈنڈا وگڑے تگڑوں کا پیر ہے، یہ لوگ اسی وجہ سے ٹھیک ہوتے ہیں، ملک کی تباہی اور بربادی میں ان کا ہاتھ ہے، تحریکِ انتشار کچھ بھی کر لے، ملک ترقی کرتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک پی ٹی آئی کا زور ٹوٹ رہا ہے، اوورسیز پاکستانی سمجھ گئے ہیں کہ ملک ترقی کر رہا ہے، مجھے امریکا میں کہیں پی ٹی آئی کا احتجاج نظر نہیں آیا، پنجاب کی انتظامیہ امنِ عامہ برقرار رکھنے کی مکمل کوشش کر رہی ہے۔

عطاء تارڑکا کہنا ہے کہ جب کوئی باہر سے مہمان آتا ہے تو وہ پاکستان سے تعلقات کو فروغ دینے آتا ہے، دنیا پاکستان کو مان رہی ہے، پاکستان سے تجارت کرنا چاہتی ہے، بلوم برگ کہتا ہے کہ پاکستانی کی معیشت بہتر ہو رہی ہے، دنیا کہہ رہی ہے کہ پاکستان کے ساتھ تجارت کرنے کے لیے تیار ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ وزیرِاعظم کی ٹیم ڈی فالٹ سے متعلق پریشان تھی، جبکہ پی ٹی آئی کی پریشانی ہے کہ ملک ترقی کر گیا تو ان کے بیانیے کا کیا بنے گا،ان کا بیانیہ ریاست اور فوج کے خلاف ہے، پاکستان کے حالات بہتر ہورہے ہیں اور انہیں نیند نہیں آ رہی۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ نے کہا ہے کہ کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی کہ ایس سی او کو سبوتاژ کرے، کے پی میں کوئی ترقیاتی منصوبہ نہیں، سارا وقت دھرنوں میں لگا ہے، بیرسٹر سیف نے صرف بھارتی وزیرِ خارجہ کو کیوں دعوت دی؟ مجھے بتائیں یہ دھرنے کا مقصد کیا ہے؟

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کو لیٹر اس لیے لکھے کہ ملک کو تباہ کیا جائے، ملک کی تباہی اور بربادی میں ان کا ہاتھ ہے، 7 اکتوبر کو ہم یومِ یک جہتیٔ فلسطین منائیں گے،بانیٔ پی ٹی آئی نے امریکا کی کون سی بات پر ایبسلوٹلی ناٹ کہا تھا؟

عطاء تارڑ نے کہا کہ فلسطین اور لبنان کے مسئلے پر وزارتِ خارجہ اپنا مؤقف دے چکی ہے، جو بھی ہمارا شہر ہے، اس کو محفوظ رکھنے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے، علی امین گنڈا پور کے ساتھ آنے والے دنوں میں بہت برا سلوک دیکھ رہا ہوں، میں سمجھتا ہوں کہ کے پی کے لوگ اپنے وزیرِ اعلیٰ کے خلاف ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پُر امن احتجاج کی اجازت ہے، اسلحے اور غلیل کے ساتھ آنے کی اجازت نہیں، علی امین گنڈاپور کے ساتھ رابطہ رہا ہے، معاہدہ کر کے انہوں نے خلاف ورزی کی ہے۔