|

وقتِ اشاعت :   3 hours پہلے

ڈی چوک احتجاج کے لیے قافلے کے ہمراہ کے پی ہاؤس اسلام آباد پہنچنے والے وزیراعلی کے پی علی امین گنڈاپور کو رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری نے شراب برآمدگی کیس میں گرفتار کرلیا، دوسری جانب پولیس اور پی ٹی آئی کے درمیان اسلام آباد کے چائنہ چوک، جناح ایونیو اور دیگر مقامات پر تصادم جاری ہے۔

 ڈی چوک پر احتجاج کے لیے قافلوں کی صورت میں پی ٹی آئی کارکنان اسلام آباد پہنچنے کے لیے کوشاں ہیں جس کے لیے ان کے اور پولیس کے درمیان جگہ جگہ احتجاج جاری ہے۔

ٹیکسلا ٹھٹہ خلیل کے مقام پر پولیس کی جانب سے شدید شیلنگ کی گئی۔ مظاہرین کی جانب سے پولیس پر جوابی پتھراؤ اور شیل اٹھا کر واپس پھینکنے کا سلسلہ کافی دیر جاری رہا۔ شدید مزاحمت کے بعد پی ٹی آئی مظاہرین نے پتھر گڑھ کٹی پہاڑی کے مقام پر رکاوٹوں کو عبور کرلیا۔

پی ٹی آئی قافلے کے 8 سو کارکن پنڈی کی حدود میں داخل ہوگئے۔ مرکزی قافلہ پتھر گڑھ کٹی پہاڑی مقام پر رکاوٹیں ہٹا کر راستہ کلیئر کرنے میں مصروف ہے جس کے پیچھے پیدل شرکاء پیش قدمی کررہے ہیں۔ 26 نمبر چنگی پر کارکنوں نے ایک کرین اور ایک موٹرسائیکل کو آگ لگا دی۔

وزیراعلیٰ کا قافلہ اسلام آباد پہنچ گیا، کے پی ہاؤس میں داخل

وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور قافلے کے ساتھ اسلام آباد پہنچ ہوگئے وہ وہاں پر قائم کے پی ہاؤس میں داخل ہوگئے جب کہ جگہ جگہ سے چھوٹے اور بڑے قافلے اسلام آباد کے مختلف مقامات پر موجود ہیں جن میں چائنہ چوک، جناح ایونیو اور دیگر مقامات شامل ہیں جہاں کارکنوں اور پولیس کے درمیان تصادم جاری ہے۔ کارکنوں کی جانب سے پتھراؤ کیا جارہا ہے جب کہ پولیس کی جانب سے بڑے پیمانے پر شیلنگ کی جاری ہے۔

جناح ایونیو پر ہنگامہ آرائی

جناح ایونیو پر پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے، پولیس کی جانب سے آنسو گیس کے شیل اور ربڑ کی گولیاں فائر کی جارہی ہیں، پولیس کے پاس آنسو گیس شیل کم ہونے کی وجہ سے پی ٹی آئی کارکن آگے بڑھنے لگے ہیں،  پولیس نے مزید آنسو گیس کے شیل طلب کرلیے۔ پولیس کے مطابق کارکنوں کی جانب سے ان پر پتھراؤ جاری ہے، کارکن غلیلوں کے ساتھ کنچے بھی ماررہے ہیں۔

وزیراعلیٰ کی گرفتاری کیلیے پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری کے پی ہاؤس پہنچی

وزیراعلیٰ کے پی کی گرفتاری کے لیے پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری کے پی ہاؤس پہنچی جو ساتھ قیدی وین بھی لائی، پولیس اور رینجرز کے پی ہاؤس میں داخل ہوئی۔ علی امین گنڈاپور کو آئی جی اسلام آباد نے حراست میں لیا۔ قبل ازیں کارکنوں کو منتشر کرنے کے لیے شیلنگ بھی کی گئی۔

سیشن کورٹ اسلام آباد نے شراب برآمدگی کیس میں وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے ہوئے ہیں تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کے خلاف ریاست پر حملہ آور ہونے کے الزام پر قانونی کارروائی کا امکان ہے، علی امین گنڈا پور پر سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے، سرکاری وسائل کا غلط استعمال کرنے کے الزامات ہیں۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *