|

وقتِ اشاعت :   October 6 – 2024

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ تشدد اور دہشتگردی کا راستہ اختیار کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں ہونی چاہیے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران اسلام آباد میں کانسٹیبل کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ اور واقعہ کی شدید مذمت کی۔ مریم نواز نے شہید کانسٹیبل حمید شاہ کے اہلخانہ سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ حمید شاہ شہید اور دیگر ڈیوٹی اہلکاروں پر تشدد کی شدید مذمت بھی کی۔

اس حوالے سے اپنے بیان میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ احتجاج کی آڑ میں تشدد اور دہشت گردی کی اجازت نہیں منہ توڑ جواب ملے گا۔ عوام پوچھتے ہیں یہ کیسا پرامن احتجاج ہے۔ جس میں سیکڑوں پولیس اہلکاروں کو حملے کر کے زخمی کردیا گیا۔

مریم نواز نے کہا کہ تحریک انتشار مسلح جتھے کی شکل اختیار کر چکی ہے۔ نام نہاد احتجاج کی وجہ سے لوگوں کا کاروبار متاثر ہوا۔ لاکھوں شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ جبکہ دوسروں کو اذیت دینا اور عوام کے جان ومال پر متعین پولیس اہلکاروں پر تشدد کونسی سیاست ہے۔