کوئٹہ:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت چیف منسٹر یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کی پیش رفت سے متعلق جائزہ اجلاس
پیر کو یہاں منعقد ہوا اجلاس میں وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے محنت و افرادی قوت سردار غلام رسول عمرانی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، پرنسیپل سیکرٹری ٹو چیف منسٹر عمران زرکون، سیکرٹری لیبر ڈیپارٹمنٹ نیاز محمد نیچاری، اسپیشل سیکرٹری فنانس اورنگ زیب کاسی ، منیجنگ ڈائریکٹر بی ٹیوٹا طارق جاوید مینگل نے شرکت کی اجلاس میں حکام کی جانب سے چیف منسٹر یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا
اور ابتک اٹھائے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی گئی ، اجلاس میں وزیر اعلٰی بلوچستان نے یوتھ اسکلز پروگرام کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا رواں سال اکتوبر کے آخر تک نوجوانوں کا پہلا بیچ بیرون ملک بھجوایا جائے پروگرام پر عمل درآمد کے لئے منتخب اداروں کو پابند کیا جائے کہ انٹر نیشنل سرٹیفیکشن کے ساتھ جاب کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے
تاکہ تمام امور کی تکمیل کے بعد بیرون ملک پہنچ کر بلوچستان کے ان نوجوانوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے وزیر اعلٰی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام میں ہر سطح پر میرٹ کو یقینی بنایا جائے اور دستیاب نشستوں کی تقسیم میں کسی بھی علاقے کا استحصال نہ ہو تمام اضلاع سے نوجوانوں کی یکساں تناسب سے میرٹ پر سلیکشن یقینی بنائی جائے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام صوبے کی تاریخ کا بہت بڑا منصوبہ ہے
بلوچستان کے مستقبل کا انحصار نوجوانوں کی مثبت صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر انہیں روزگار کی فراہمی سے وابستہ ہے وزیر اعلٰی نے کہا کہ یوتھ اسکلز پروگرام میں کوئی کرپشن ، کمیشن سفارش قابل برداشت نہیں اس پروگرام میں ہزاروں نوجوانوں کو بیرون ملک با عزت روزگار کے مواقع میسر آئیں گے اور معاشی استحکام کے ساتھ ساتھ یہ نوجوان ایک بڑے زر مبادلہ کی پاکستان ترسیل کا موجب بنیں گے وزیر اعلٰی نے یقین دلایا کہ پروگرام پر عمل درآمد کے لئے مطلوبہ وسائل فراہم کئے جائیں گے۔