وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ معاشی استحکام کے لیے کیے گئے اقدامات کے ثمرات ملنا شروع ہوگئے ہیں۔
وفاقی وزیر خزانہ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی اقدمات سے مہنگائی میں بھی کمی آگئی ہے، پالیسی ریٹ میں کمی آئی ہے اور اس میں مزیدکمی ہوگی۔
محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ اسٹیٹ بینک نے 2025 تک 5 یا 6 فیصد مہنگائی کی شرح میں کمی کا تخمینہ لگایا تھا لیکن اب مہنگائی کی شرح 6.9 فیصد پر آگئی ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ آنے والے دنوں میں مہنگائی مزید کم ہوگی، جب اسٹیٹ بینک اور مانیٹری پالیسی کے کمیٹی کے اجلاس ہوں گے تو پالیسی ریٹ بتدریج نیچے آئے گا۔
محمد اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ پچھلے دو تین ہفتوں میں حکومت نے درآمدات میں کمی کی ہے تاکہ ریٹس میں کمی ہوسکے، اس سے شرح سود میں کمی آئی ہے اور مزید کمی آتی جائے گی۔
وفاقی وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ جب بھی ہمیں احتجاج کیلئے شہروں اور دکانوں کو بند کرنا پڑتا ہے تو اس کے سنگین نتائج مرتب ہوتے ہیں، اس میں انسانی جانوں کے نقصان پر دکھ ہوتا ہے۔
محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ ان مظاہروں سے ملک کی معیشت بھی متاثر ہوتی ہے، ہمارے اکانومک ونگ کے مطابق یہ مظاہرے ہماری معیشت کا ناقابل یقین حد تک نقصان کردیتے ہیں۔