|

وقتِ اشاعت :   October 12 – 2024

وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ کراچی میں ہونے والی دہشت گردی اور پی ٹی آئی کی احتجاج کی کال میں مماثلت ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایس سی او میں 9 ممالک کے سربراہان شرکت کریں گے، ہم ان ممالک کے ساتھ باہمی تجارتی تعلقات کو فروغ دے سکتے ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ کامیاب ممالک ایسے مواقع کا فائدہ اٹھاتے ہیں، چین کے وزیراعظم نے 2013ء میں دورہ کیا تھا، وہ 11 سال کے بعد پاکستان آرہے ہیں، چین کے وزیراعظم اور ایس سی او کے مہمانوں کو بہترین میزبانی پیش کر کے پاکستان کا امیج اجاگر کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انتشار نے 15 اکتوبرکو مظاہرے کی کال دی ہے، لگتا ہے کہ ان کا اسکرپٹ رائٹر ایک ہی ہے، 2014ء میں بھی پی ٹی آئی نے دھرنوں کے ذریعے چین کے صدر کا دورہ ملتوی کرایا۔

احسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی نے سی پیک منصوبے کو ڈی ریل کرنے کی کوشش کی، ملک کے اقتصادی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں، معیشت بہتر ہو رہی ہے، پی ٹی آئی نے اقتدار میں آکر چینی سرمایہ کاری کو نقصان پہنچایا۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ بتائیں پی ٹی آئی نے ملکی معیشت کے لیے کیا کیا، کیا پاکستان ان سب چیزوں کا متحمل ہوسکتا ہے؟ وہ اپنی بے گناہی عدالتوں کے سامنے پیش کرے اور خود کو عدالت سے بری کرائے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ میں نے خود پی ٹی آئی کا سخت دور دیکھا، جیلیں بھگتیں لیکن ریاست سے لڑائی نہیں لڑی، شہباز شریف نے جیل کاٹی لیکن ریاست سے لڑائی نہیں کی، جب رسیدیں دینے کی ان کی باری آئی ہے تو ریاست سے جنگ شروع کر دیتے ہیں۔