|

وقتِ اشاعت :   October 14 – 2024

چینی وزیراعظم لی چیانک کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک اہم ترقی پذیر ملک، ابھرتی ہوئی منڈی اور بڑا مسلم ملک ہے۔

عوامی جمہوریہ چین کے وزیراعظم لی چیانک نے پاکستان آمد پر خصوصی پیغام میں کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے 23ویں سربراہ کانفرنس میں شرکت پر خوشی ہے، وزیراعظم شہبازشریف کی دعوت پر پاکستان آکر بہت خوشی ہوئی۔ جیسے ہی جہاز سے نیچے اترا انتہائی گرمجوشی سے خوش آمدید کیا گیا۔

چینی وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی عوام کی گہری برادرانہ دوستی اور مہمان نوازی نے بہت متاثر کیا، پاکستان ایک اہم ترقی پذیر ملک،ابھرتی ہوئی منڈی اور بڑا مسلم ملک ہے، پاکستان چین کاہرموسم میں تعاون کرنےوالاساتھی اورآہنی دوست ہے۔

لی چیانگ نے کہا کہ چین پاکستان کے تعلقات دوطرفہ ریاستی تعلقات کی بہترین مثال بن چکے ہیں، چینی عوام بھی پاکستان کوبہت پسند کرتے اور سراہتے ہیں۔ 73 سال میں دونوں ملکوں نے مستقل اعتماد قائم رکھا اورایک دوسرے کی حمایت کی۔

قبل ازیں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس میں شرکت کے لیے چینی وزیراعظم لی چیانگ پاکستان پہنچ گئے۔ چینی وزیراعظم اپنے وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچے جہاں بچوں نے انہیں گلدستہ پیش کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف، وزیرخارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور دیگر اعلیٰ حکام نے چینی وزیراعظم کا نور خان ائیر بیس پر استقبال کیا۔ چینی وزیراعظم کو پاکستان آمد پر 21 توپوں کی سلامی دی گئی اور گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *