کراچی: الخدمت فاؤنڈیشن کے تعاون سے امدادی سامان پر مشتمل نئی کھیپ غزہ اور لبنان کے لیے روانہ کردی گئی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر این ڈی ایم اے کی جانب سے غزہ اور لبنان کے لیے فلاحی بنیادوں پر امداد کی فراہمی جاری ہے۔ اس سلسلے میں کراچی سے دوسری امدادی کھیپ لبنان کے لیے روانہ کر دی گئی ہے۔
الخدمت فاؤنڈیشن کے تعاون سے این ڈی ایم اے کی جانب سے روانہ کی گئی اس امدادی کھیپ میں ادویات، تیار گوشت، خیموں، ترپال، گرم بستر، گرم کپڑوں اور خشک دودھ پر مشتمل تقریباً 100 ٹن سامان شامل ہے۔ امدادی ساما ن براستہ ہوائی جہاز جناح انٹر نیشنل ائرپورٹ کراچی سے بیروت، لبنان کے لیے روانہ کیا گیا۔
واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے فلسطین اور لبنان کے لیے امدادی سامان کی یہ 12ویں کھیپ ہے۔ اس سے قبل فلسطین کے لیے 10امدادی کھیپیں جب کہ لبنان کے لیے جمعرات کے روز دوسری امدادی کھیپ بھیجی گئی۔
حکومت پاکستان لبنان اور فلسطین کے جنگ زدہ عوام کی ضروریات کے مطابق امدادی سامان بھیجنے کے سلسلے کو جاری رکھے ہوئے ہے۔ پاکستانی این جی او کی جانب سے اسپانسر شدہ امدادی سامان کا پیکیج وزیراعظم آفس، این ڈی ایم اے اور وزارت خارجہ کے تعاون سے بھیجا جا رہا ہے ۔ امدادی پیکیج میں تقریباً 90 ٹن امدادی سامان موجود ہے۔
امدادی سامان میں ادویات 50 ٹن، کھانے کے لیے تیار گوشت 15 ٹن، خیمے 9 ٹن، ترپال 5 ٹن، موسم سرما کے لیے بستر 4 ٹن، موسم سرما کے کپڑے2 ٹن اور خشک دودھ 5 ٹن شامل ہیں۔ پرواز کے ذریعے امدادی سامان بیروت پہنچے گا جہاں پاکستانی سفیر اسے وصول کریں گے اور اس کے بعد امدادی سامان مقامی طور پر تقسیم کیا جائے گا۔