وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ 26 ویں آئینی ترمیمی بل کی منظوری پاکستان کے عوام کی کامیابی ہے اور اس پر اللّٰہ تعالیٰ کے حضور سجدہ شکر بجا لاتے ہیں۔
محسن نقوی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم کے بل کی منظوری پر قوم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
اُنہوں نے مولانا فضل الرحمٰن اور اتحادی جماعتوں کے قائدین کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کا مثبت و تاریخی کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
وفاقی وزیرِ داخلہ نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، بلاول بھٹو زرداری اور وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ سب قائدین کی 26 ویں آئینی ترمیمی بل کے لیے انتھک محنت اور کاوشیں ثمرآور ثابت ہوئیں، یہ آئینی ترمیم جمہوریت کی فتح ہے، مضبوط جمہوریت اور روشن جمہوری مستقبل کے تابناک سفر کی پائیدار بنیاد رکھی گئی ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ آج جیت پاکستان اور عوام کی ہوئی ہے، تمام جمہوری جماعتوں کے قائدین کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔
اُنہوں نے کہا کہ آئینی ترمیم بل کی منظوری پارلیمنٹ کا حق ہے، جس کے لیے اتفاقِ رائے پیدا کرنے کے لیے سب نے مل کر جو کام کیا اس کا خوبصورت نتیجہ سامنے آیا، اداروں کے مابین اختیارات کے توازن کے لیے یہ ترمیم کلیدی اہمیت رکھتی ہے۔