|

وقتِ اشاعت :   October 23 – 2024

وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ ، مواصلات اور نجکاری عبدالعلیم خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس دوران چین اور پاکستان کے درمیان بزنس ٹو بزنس سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیاہے ۔

اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ چین میں ہونے والے روڈ شو میں بورڈ آف انویسٹمنٹ کے اشتراک سے شرکت ہوگی،لیدر اور فشریز کیلئے چین میں بڑے کنونشن میں نمایاں پاکستانی کمپنیاں شریک ہوں گی، فشریز روڈ شو 29 اکتوبر کوچنگ  ڈاؤ اور لیدر شو 5 نومبر کو گوانگزو میں  ہو گا، فشریز کی 17 کمپنیوں  کے 30 نمائندے، لیدر شو میں 10 اداروں  کے 16 ایگزیکٹوز شریک ہوں گے، 7 اہم شعبوں میں لیدر،ٹیکسٹائل،میڈیکل اینڈ سرجیکل سامان،پھل،سبزیاں،پلاسٹک،فشریز اور اینیمل فوڈ شامل ہے ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بزنس کمیونٹی عالمی روڈ شوز کے ذریعے امریکا اور یورپی منڈیوں تک رسائی حاصل کرسکتی ہے،چین میں کاروباری اداروں سے اشتراک کیلئے بورڈآف انویسٹمنٹ مربوط حکمت عملی پرعمل پیراہے۔پاکستان اورچین کاروباری اشتراک ملکی معیشت کے لیےبڑا بریک تھرو ثابت ہو سکتاہے،چین سےصنعتوں کی منتقلی میں پاکستان کو زیادہ سے زیادہ شیئر نکالنا چاہیے۔

وفاقی وزیرسرمایہ کاری عبدالعلیم خان  نے کہا کہ  مجموعی طور پر چین سے 168 اور پاکستان کی 78 کمپنیاں باہمی اشتراک کیلئے کام کر رہی ہیں، چینی سفارت خانے کے تمام افسران بزنس کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں،چین سے کاروباری اشتراک میں اضافہ اولین ترجیح ہے،ہرممکن تعاون کریں گے،پاکستان کی بزنس کمیونٹی کو ہر ممکن سہولیات  فراہمی کو ہر صورت یقینی بنائیں گے،پاکستانی کمپنیاں چینی اداروں سے” بی ٹو بی” اور زیادہ سے زیادہ “جوائنٹ وینچرز” یقینی بنائیں۔

معروف پاکستانی اداروں کے ایگزیکٹوز اجلاس میں شریک  ہوئے اور  دونوں روڈ شوز میں بھرپور شرکت کی یقین دہانی  کروائی، وفاقی سیکریٹری بورڈآف انویسٹمنٹ،چین میں پاکستانی سفارتخانے سے اعلیٰ افسران نے آن لائن شرکت کی، پاکستان کی کاروباری تنظیموں نے چین میں اشتراک اورعملی تعاون پروفاقی وزیرعبدالعلیم خان سےاظہارتشکر کیا ۔