|

وقتِ اشاعت :   October 23 – 2024

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ فلسطین میں جارحیت پر دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، عالمی برادری نے جنگ بندی کے لیے مؤثر کردار ادا نہیں کیا، اسرائیل نے یو این قراردادوں، عالمی سفارشات کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا۔

اسلام آباد میں فلسطینی طلبا کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان جتنا میرا گھر ہے اتنا ہی آپ کا ہے، کھلے دل سے فلسطینی طلبا کو خوش آمدید کہتے ہیں، عوام مشکل کی اس گھڑی میں فلسطینی اور لبنانی بھائیوں کے ساتھ کھڑےہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ فلسطین میں جارحیت پر دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، اسرائیل مسلسل بے گناہ فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے، فلسطین میں ہر شہر اور گاؤں تباہی کا منظر پیش کر رہا ہے، سلامتی کونسل کی قراردادیں اور عالمی عدالت انصاف بے بس نظر آرہی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ عالمی برادری نے جنگ بندی کے لیے مؤثر کردار ادا نہیں کیا، اسرائیل نے یو این قراردادوں، عالمی سفارشات کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا، اسرائیل نے ظلم اور سفاکانہ جارحیت سے 43 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو شہید کردیا۔