|

وقتِ اشاعت :   November 7 – 2024

تربت:  وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے امن و ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائے گی بلوچستان میں نہتے مزدوروں کو شہید کرنا افسوسناک ہے ریاست مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہے۔

ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا ان خیالات کا اظہار انہوں جمعرات کو یہاں ضلع کیچ کے شہر تربت میں قبائلی جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا جرگہ میں گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل کور کمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان، آئی جی ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) میجر جنرل بلال سرفراز خان صوبائی وزیر میر ظہور احمد بلیدی، مشیر مینا مجید بلوچ، میر برکت رند، ایم این اے ملک شاہ گورگیج، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ شہاب الدین، آئی جی پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری، کمشنر مکران ڈویژن داود خان خلجی، ڈی آئی جی مکران پرویز احمد عمرانی،ڈپٹی کمشنر پنجگور زاہد لانگو، ڈپٹی کمشنر تربت اسماعیل ابراہیم سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام، قبائلی عمائدین، خواتین، طلبہ و طالبات اور مقامی لوگوں نے شرکت کی

جرگے کے آغاز میں شرکاء نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے لیے فاتحہ خوانی کی، جرگے کے شرکاء نے مکران کے قبائلی عمائدین، کاروباری حضرات، خواتین، اور طلبہ سمیت مختلف طبقات کے نمائندوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور ان پر مشاورت کی اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بینظیر اسکالرشپ پروگرام کے اعلان سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ بلوچستان کے تعلیم یافتہ نوجوانوں کے لیے بیرون ممالک پی ایچ ڈی کے تمام اخراجات صوبائی حکومت بلوچستان برداشت کرے گی

بلوچستان بورڈ کے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں ہر ضلع کے پہلے دس طلباء کی سولہ سالہ تعلیم کے اخراجات صوبائی حکومت اٹھائے گی وزیر اعلٰی نے بتایا کہ بلوچستان میں نوجوانوں اور بیروزگار افراد کے لیے اسکلز ڈیولپمنٹ پروگرام بھی شروع کیا جا رہا ہے،

جس سے لوگوں کو بیرون ملک روزگار کے مواقع میسر آئیں گے وزیر اعلٰی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سال 2000 کے بعد دہشت گردانہ کارروائیوں میں شہید ہونے والے بے گناہ افراد کے خاندانوں کی معاونت اور ان کے بچوں کے تعلیمی اخراجات بھی حکومت بلوچستان برداشت کرے گی

جرگہ میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے قبائلی عمائدین اور عوام کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیوں پر خراجِ تحسین پیش کیا جرگے میں قبائلی عمائدین نے بلوچستان میں امن کے قیام میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کلیدی کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا اور علاقے میں امن و امان کے قیام کے لیے تمام اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کا یقین دلایا

مزید براں یومِ اقبال کی مناسبت سے ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کے زیر اہتمام جنوبی بلوچستان میں علامہ اقبال کی فکر اور پیغام سے روشناس کروانے کے لیے تقریری مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء کو مہمانِ خصوصی نے انعامات سے نوازا جرگے کے اختتام پر مقامی عمائدین نے حکومت بلوچستان اور افواج پاکستان کی جانب سے علاقے کی ترقی اور امن و امان کے قیام کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر مکمل اعتماد اور اطمینان کا اظہار کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *