|

وقتِ اشاعت :   3 hours پہلے

اسلام آباد :وفاقی وزیر قانون و انصاف اور انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ بچے ہماری قوم کی طاقت اور امید ہیں، ان کی فلاح و بہبود میں سرمایہ کاری پاکستان کی خوشحالی اور ترقی میں سرمایہ کاری ہے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو یہاں عالمی یوم اطفال کے موقع پر وزارت انسانی حقوق اور قومی کمیشن برائے حقوق اطفال کے زیر اہتمام پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس میں منعقدہ یوم اطفال تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے بچوں کے حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے رواںسال کے موضوع ’’مستقبل کی آواز سنیں‘‘ کے تناظر میں بچوں کی آواز سننے کی اہمیت کو اجاگر کیا اور کہا کہ بچوں کو بااختیار بنانے کے لیے ان کی آواز سننا اور عمل کرنا ضروری ہے۔

بچے نہ صرف قوم کا مستقبل ہیں بلکہ اس کے حال کو سنوارنے کا بھی اہم حصہ ہیں۔ان کے حقوق کا تحفظ اور ان کی آواز کو اہمیت دینا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔ بچوں کو اپنے مستقبل کی تعمیر میں شامل کرنے سے ایک منصفانہ اور جامع معاشرہ تشکیل پائے گا۔انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی، تعلیمی عدم مساوات، اور ڈیجیٹل تحفظ جیسے چیلنجز بچوں کو براہ راست متاثر کرتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے بچوں کے حقوق کے فروغ میں پاکستان کی پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے قومی کمیشن برائے حقوق اطفال اور زینب الرٹ رسپانس اینڈ ریکوری ایجنسی (زاررا) جیسے اقدامات پر روشنی ڈالی، جو لاپتہ بچوں کے لیے فوری مداخلت فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے آواز ایپ اور ٹیک اِٹ ڈاؤن پورٹل کا بھی ذکر کیا، جو بچوں کے لیے محفوظ ڈیجیٹل ماحول فراہم کرنے اور آن لائن خطرات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے حکومتی عزم کا مظہر ہیں۔

وفاقی وزیر نےتعلیم کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے بالخصوص لڑکیوں کے لیے تعلیمی مواقع میں موجود خلا کو پر کرنے کی کوششوں پر روشنی ڈالی اور تمام بچوں کے لیے شمولیتی اور حوصلہ افزا ماحول بنانے کے حکومتی عزم کو دہرایا۔انہوں نے اپنی تقریر کا اختتام ایک متفقہ حکمت عملی پر زور دیتے ہوئے کیا، جس میں خاندانوں، کمیونٹیز، سول سوسائٹی اور نجی شعبے کے شراکت داروں کے درمیان تعاون کے ذریعے ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینے کی اپیل کی گئی جہاں بچوں کی آواز سنی جائے، ان کے حقوق کا تحفظ ہو اور ان کے خوابوں کی آبیاری کی جائے۔

 

وفاقی وزیر سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے اس امید کا اظہار کیا کہ اجتماعی کوششوں سے پاکستان ایک ایسا مستقبل تشکیل دے سکتا ہے جہاں ہر بچہ بغیر کسی خوف یا امتیاز کے ترقی کرے۔ قومی کمیشن برائے حقوق اطفال(این سی آر سی) کی چیئرپرسن محترمہ عائشہ رضا فاروق نے اپنے خطاب میں کمیشن کی ان تھک کاوشوں کو اجاگر کیا جو بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے کی جا رہی ہیں۔

 

انھوں نے کہا کہ این سی آر سی نے چائلڈ میرج اور بچوں سے مشقت کے خاتمے، تعلیم و آن لائن تحفظ تک رسائی کو یقینی بنانے سمیت قانونی و پالیسی اصلاحات، تحقیق، آگاہی اور شعور بیداری کے لیے مختلف اقدامات کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یوم اطفال ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ پاکستان کا ہر بچہ ایک محفوظ، شمولیتی، اور پرورش دینے والے ماحول میں ترقی کرے۔ آئیے ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینے کے لیے عہد کریں جہاں بچوں کو عزت دی جائے، ان کا تحفظ کیا جائے، اور انہیں بااختیار بنایا جائے کیونکہ وہ نہ صرف کل کے معمار ہیں بلکہ آج کے بھی فعال کردار ادا کرنے والے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *