صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی دن پر اپنا خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے تشدد کی مختلف صورتوں کا سامنا کرنے والی دنیا بھر کی خواتین سے یک جہتی کا اظہار کیا ہے۔
اُنہوں نے اپنے پیغام میں خواتین اور لڑکیوں پر تشدد کے خاتمے کے لیے کوششیں تیز کرنے پر زور دیا ہے۔
صدرِ مملکت نے کہا ہے کہ آج خواتین کو محفوظ اور سازگار ماحول دینے، ان کے حقوق کے تحفظ اور ان پر تشدد کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ خواتین کو تعلیم و ہنر کی فراہمی اور ان کی مالی خود مختاری یقینی بنانا ہو گی۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ خواتین کے حقوق سے متعلق شعور بیدار کرنا اور تشدد کا خاتمہ ناگزیر ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ تشدد سے عالمی سطح پر ہر 3 میں سے 1 خاتون متاثر ہوتی ہے، خواتین پر تشدد کے خاتمے کے لیے فوری اور اجتماعی اقدامات کی ضرورت ہے، تشدد سے ہرسال ہزاروں خواتین اپنی جانیں کھو بیٹھتی ہیں۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ خواتین پر تشدد کی روک تھام کے لیے حکمتِ عملی اور نظام میں اصلاحات لانا ہوں گی۔
اُنہوں نے کہا کہ پاکستان خواتین پر تشدد کے مسئلے کے حل کے لیے پُرعزم ہے، سابق وزیرِاعظم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو خواتین کے حقوق کی علم بردار تھیں۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے معاشی آزادی، سماجی مساوات اور تعلیمِ نسواں پر زور دیا، وہ خواتین کے استحصال اور بدسلوکی سے پاک معاشرے کی خواہاں تھیں۔
اُنہوں نے کہا کہ خوشی ہے کہ پاکستان میں خواتین پرتشدد کے خاتمے کے لیے بامعنی کوششیں کر رہے ہیں، خواتین کو جنسی تشدد اور کام کی جگہ پر ہراسانی سے بچانے کے لیے قوانین بنائے، اجتماعی کوششوں سے خواتین پر تشدد سے پاک اور محفوظ تر ماحول بنا سکتے ہیں۔
Leave a Reply