|

وقتِ اشاعت :   5 hours پہلے

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیح ہے اور نوجوانوں کیلئے مواقع پیدا کریں گے۔
وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل اور مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے ملاقات کی اور اس موقع پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں تاکہ وہ ملکی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔
ملاقات میں بلوچستان کے امور پر تبادلہ خیال کے موقع پر گورنر بلوچستان نے بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں میں خصوصی دلچسپی لینے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔
شاہ غلام قادر نے آزاد جموں و کشمیر کے توانائی کے مسائل کے حل کے حوالے سے 23 ارب روپے کے پیکج کی فراہمی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے شاہ غلام قادر سے کہا کہ آپ اپنی بھرپور کوشش کریں کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام کو ذیادہ سے ذیادہ ریلیف ملے۔
وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کے ادارہ جاتی اصلاحات کے ایجنڈے پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا۔
اس ضمن میں وزیرِ اعظم سے گورننس کی بہتری کیلئے نئے تعینات شدہ ماہرین نے ملاقات کی جس میں وزیر اعظم نے کہاکہ گورننس کی بہتری کیلئے ماہرین کی تعیناتی سے فیصلہ سازی کے عمل میں بہتری آئے گی۔
شہبازشریف نے کہاکہ عوامی مفاد کے اہم فیصلوں کی ماہرین کی رائے اور تنقیدی جائزے کے بعد منظوری سے دور رس مثبت نتائج مرتب ہونگے۔
وزیر اعظم نے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میرے لئے یہ انتہائی قابل مسرت امر ہے کہ ہم باصلاحیت اور اپنے شعبوں میں گراں قدر خدمات سر انجام دینے والے لوگوں کی خدمات سے مستفید ہوں گے۔
وزیر اعظم نے کہاکہ آپ سب پر ملکی امور کی فیصلہ سازی میں ماہرانہ رائے اور تعمیری سوچ شامل کرنے کی اہم ذمہ داری ہے۔
شہبازشریف نے کہاکہ پر امید ہوں کہ آپ اپنی ذمہ داریاں انتہائی احسن طریقے سے سر انجام دینگے۔
وزیراعظم نے کہاکہ حکومت ملک کے ہر شعبے میں بہتری کیلئے اصلاحات کا ایجنڈا نافذ کر رہی ہے، ڈیجیٹائزیشن، خودکار نظام اور فیصلہ سازی میں بہتری ہی جدید دور میں ترقی و خوشحالی کے ضامن ہیں۔
وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ یہ ماہرین اپنے شعبہ جات میں حکومت کو ماہرانہ اور تنقیدی رائے اور جائزہ دیں گے، جس سے مختلف سیکٹرز میں بہتر فیصلے کرنے میں مدد ملے گی۔
ملاقات میں وفاقی وزیرِ اقتصادی امور احد خان چیمہ، رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں نئے تعینات شدہ افسران کے تعارف کے ساتھ ساتھ انکو انکی ذمہ داریوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *