وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ لوئر کرم میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کا واقعہ امن معاہدہ سبوتاژ کرنے کی سازش ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے لوئر کرم کے علاقے بگن میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا فائرنگ سے زخمی ڈپٹی کمشنر جاوید اللہ محسود کی جلد صحتیابی کیلئے دعاگو ہیں۔
ان کا کہنا تھا لوئر کرم میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کا واقعہ امن معاہدہ سبوتاژ کرنے کی سازش ہے، شرپسند عناصر نے فائرنگ کرکے امن معاہدے کو نقصان پہنچانے کی گھناؤنی حرکت کی۔
چیف سیکرٹری کے پی ندیم اسلم چوہدری کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر کرم جاوید اللہ محسود پر فائرنگ کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، ڈپٹی کمشنر جاوید محسود بگن جا رہے تھے، نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کی۔
ندیم اسلم چوہدری کا کہنا ہے کہ دونوں فریقین پُرامن رہیں،کوہاٹ معاہدے پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے، کرم میں امن و امان خراب کرنےوالوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہو گی۔
خیال رہے کہ لوئر کرم کے علاقے بگن میں فائرنگ سے ڈپٹی کمشنر جاوید اللہ محسود اور 3 ایف سی اہلکار زخمی ہوئے تھے، فائرنگ سے زخمی چاروں افراد کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
مشیر اطلاعات کے پی بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں زخمی ڈی سی کرم کی حالت خطرے سے باہر ہے، ڈی سی جاوید اللہ محسود پر فائرنگ کے باعث کرم جانے والے پہلے قافلے کو روک دیا گیا ہے، صورتحال کا جائزہ لیکر قافلے کی روانگی کا فیصلہ کیا جائے گا۔
Leave a Reply