راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عمر ایوب کا کہنا ہے ہم عمران خان سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں لیکن حکومت اپنی بات سے مکر رہی ہے۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کیلئے کوششیں جاری ہیں اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی ہدایت پر فیصل چوہدری نے جیل حکام سے رابطہ کیا ہے۔
اس حوالے سے فیصل چوہدری ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ عمر ایوب کی ہدایات پر جیل حکام سے ملاقات کیلئے رابطہ کیا گیا، کوشش ہے کہ مذاکرات کے تیسرے مرحلے سے قبل بانی سے ملاقات ممکن ہو۔
فیصل چوہدری کا کہنا تھا جیل حکام کو بتایا آج ملاقات کا دن ہے لہٰذا ملاقات کا بندوبست کیا جائے، جیل حکام نے تاحال مذاکراتی کمیٹی کی ملاقات سے متعلق کچھ نہیں بتایا۔
دوسری جانب جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب کا کہنا تھا مذاکرات سے متعلق تین مطالبات ہیں، 9 مئی، 26 نومبر کا جوڈیشل کمیشن اور کارکنان کی رہائی مطالبات میں شامل ہیں۔
عمر ایوب کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی سے ملاقات چاہتے ہیں لیکن ملاقات نہیں کرائی گئی، ہمیں بتایا گیا کہ ملاقات کرانا جیل مینوئل میں شامل نہیں، حکومت اپنی بات سے مکر رہی ہے، اگر حکومت واقعی اختیار رکھتی ہے تو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرائیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز حکومت کی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان سینیٹر عرفان صدیقی نے بھی اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی سے بات نہیں کرائی جا سکی۔
ان کا کہنا تھا ہم جو وعدہ کرتے ہیں اُسے عملی جامہ پہنانا چاہیے تاکہ ہم جب اُن سے وعدہ پورا کرنے کا کہیں تو ہماری بات میں زیادہ وزن ہو۔
عرفان صدیقی نے کہا کہ جب ہم نے پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کی عمران خان سے ملاقات کرانے کی کمٹمنٹ دے دی تھی تو پوری کرنی چاہیے تھی، البتہ کمیٹی کا کوئی رکن ملاقات کرانے کے لیے ذمہ دار نہیں ہے۔
Leave a Reply