عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے رواں مالی سال پاکستان کے معاشی شرح نمو کا مقررہ ہدف حاصل نہ ہونے کا خدشہ ظاہر کردیا ہے۔
آئی ایم ایف نے ورلڈ اکنامک آؤٹ لک جاری کیا ہے، جس میں رواں مالی سال کیلئے پاکستان کے معاشی شرح نمو کے تخمینے پر نظرثانی کرتے ہوئے اسے 3.2 فیصد سے کم کرکے 3 فیصد کردیا گیا ہے۔
آئی ایم ایف نے اپنی رپورٹ میں رواں مالی سال پاکستان کے معاشی شرح نمو کا ہدف حاصل نہ ہونے کا تخمینہ لگایا ہے، لیکن ساتھ ہی گزشتہ سال کے مقابلے معاشی شرح نمو میں اضافے کی پیشگوئی بھی کی ہے۔
آئی ایم ایف نے آئندہ مالی سال معاشی شرح نمو 4 فیصد رہنے کی پیشگوئی ہے جب کہ گزشتہ مالی سال معاشی شرح نمو 2.5 فیصد تھی۔
آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال پاکستان کی معاشی شرح نمو 3 فیصد رہنےکا امکان ہے جب کہ پاکستان نے رواں مالی سال کیلئے معاشی شرح نموکا ہدف 3.6 فیصد مقرر کیا ہے۔
اکتوبر 2024 میں آئی ایم ایف نے رواں مالی سال کیلئے پاکستان کی معاشی شرح نمو کا تخمینہ 3.2 فیصد لگایا تھا۔
اس کے علاوہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ رواں مالی سال بھارت کی معاشی ترقی 6.5 فیصد رہ سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال امریکا کی معاشی ترقی 2.7 فیصد رہنے کا امکان ہے، جبکہ آئندہ مالی سال امریکا کی معاشی ترقی 2.1 فیصد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
رواں مالی سال چین کی معاشی ترقی 4.6 فیصد رہنے کا امکان ہے جبکہ آئندہ مالی سال معاشی ترقی 4.5 فیصد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
اسی طرح رواں مالی سال برطانیہ کی معاشی ترقی 1.6 فیصد رہنے کا امکان ہے اور آئندہ مالی سال برطانیہ کی معاشی ترقی 1.5 فیصد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
Leave a Reply