|

وقتِ اشاعت :   6 hours پہلے

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پوری قوم اپنے شہدا اور غازیوں کو سلام پیش کرتی ہے، یہ تفرقے اور سیاست کا نہیں دہشت گردوں سے مقابلے کا وقت ہے۔

کوئٹہ میں امن و امان کی صورتحال سےمتعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قلات میں پرسوں انتہائی اندوہناک واقعہ ہوا، جس میں 18 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا اور 23 خوارج جہنم رسید ہوئے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کی جو نئی لہر آئی ہے اس کے خاتمے کے لیے اپنے خون کا نذرانہ پیش کرنے جوانوں اور غازیوں کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے اور ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ میں زخمیوں کی عیادت کرکے آیا ہوں، وہ انتہائی حوصلے میں تھے اور انہوں نے کہا کہ ہمیں کوئی ملال نہیں ہے، اگر ہمارے جسم کا کوئی حصہ ناکارہ ہوا ہے یہ تو قوم کے عظیم تر مفاد کے لیے ہے اور اگر ہمیں اپنی جان کا نذرانہ بھی دینا پڑتا تو یہ کوئی بڑی قیمت نہیں تھی۔

وزیراعظم نے کہا کہ قوم کے ایسے دلیر سپوتوں کے ہوتے ہوئے مجھے قوی امید ہے کہ ہماری افواج پاکستان کے افسروں، جوانوں، سپہ سالار اور وزیراعلیٰ کی قیادت میں قانون نافذ کرنے والے ادارے جو اپنے فرض کی ادائیگی کررہی ہیں، اس کے نتیجے میں انشااللہ پاکستان، بلوچستان اور خیبرپختونخوا امن کا گہوارہ بنیں گے جوکہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے سفر کی لازمی شرط ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ میں پوری قوم سے کہنا چاہتا ہوں کہ یہ تفرقے اور سیاست کا وقت نہیں ہے، ہم سیاست کرلیں گے مگر آج قوم کو جو مسئلہ درپیش ہے اتفاق و اتحاد سے اس کا مقابلہ کرلیں، امن قائم کرلیں تو پھر سیاست بھی ہوگی اور پھر سیاسی میدان سجیں گے، اس وقت پورے خلوص کے ساتھ ہمیں اپنی تمام توانائیاں مجتمع کرکے دہشت گردوں کا مقابلہ کرنا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ بدقسمتی یہ ہے کہ قوم کے بہادر سپوت ماضی کی بعض فاش غلطیوں کا اپنے خون سے ازالہ کررہے ہیں، قوم کو اتحاد و اتفاق کی آج جتنی ضرورت ہے، 71 سال میں کبھی نہیں تھی۔

وزیراعظم نے کہا کہ میں ملک کی سیاسی قیادت سے ملتمس ہوں اور 24 کروڑ بھائیوں اور بہنوں کے گوش گزار کرنا چاہتا ہوں کہ اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق پیدا کرنے کی جتنی ضرورت آج ہے شاید پہلے کبھی نہیں تھی، مجھے امید ہے کہ انشااللہ ہم مل کر فتح یاب ہوں گے اور پاکستان سرخرو ہوگا۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *