کوئٹہ : ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے گزشتہ روز وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران صوبے کی مجموعی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں، امن و امان اور عوامی فلاح و بہبود کے امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں بلوچستان کے عوام کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے مربوط حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے اس موقع پر کہا کہ بلوچستان کی ترقی اور عوامی خوشحالی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے تعلیم، ہنر مندی اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور تعاون فراہم کرے گی اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا۔وزیر اعلی بلوچستان نے ملاقات کے دوران ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں، تعلیمی اصلاحات، صحت عامہ کی بہتری اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے اقدامات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لیے حکومتی اقدامات اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے جاری کاوشوں کے بارے میں بھی تفصیلات فراہم کیں۔ملاقات میں گوادر پورٹ کی اہمیت اور اس کے خطے کی ترقی میں کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ گوادر پورٹ نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ کے مکمل فعال ہونے سے مقامی آبادی کے لیے بے شمار معاشی مواقع پیدا ہوں گے اور صوبے کی اقتصادی ترقی میں تیزی آئے گی۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ گوادر پورٹ کو عالمی معیار کے مطابق ترقی دی جائے تاکہ یہ بین الاقوامی تجارت کا مرکز بن سکے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی مدبرانہ حکمت عملی اور ملک گیر ترقیاتی ویژن کی بدولت بلوچستان میں ترقی کی نئی راہیں کھل رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم بلوچستان کے عوام کے مسائل کے حل کے لیے ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں اور ان کی قیادت میں وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مشترکہ کاوشیں جاری رکھی جائیں گی اور صوبے کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے وفاق اور صوبائی حکومت مل کر کام کریں گی۔
Leave a Reply