|

وقتِ اشاعت :   4 days پہلے

اسلام آباد:پاکستان انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) سے نیا پروگرام لینے کے لیے تیار ہوگیا۔

پاکستان نے آئی ایم ایف سے ڈیڑھ ارب ڈالر مالیت کا ایک اور پروگرام لینے کی تیاری شروع کردی جس کے لیے آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات رواں ماہ ہوں گے۔

پاکستان کے لیے نئے پروگرام اور پہلے سے منظور کردہ سات ارب ڈالر کے پروگرام کی اگلی قسط کیلئے اقتصادی جائزہ کے بارے میں آئی ایم ایف کے دو مزید وفود پاکستان کا دورہ کریں گے جن میں مجموعی طورپر2.5ارب ڈالرقرض کیلئے الگ الگ مذاکرات ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کا ایک وفد 24 فروری سے پاکستان کا دورہ کرے گا اس دورے میں پاکستان اورآئی ایم ایف کے درمیان1.5ڈالر کے نئے رعایتی قرض کیلئے مذاکرات ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ نیا قرض پروگرام موسمیاتی تبدیلیوں کے نقصانات کے تدارک کے لیے ہوگا۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ وزیراعظم میاں شہباز شریف کی حال ہی میں آئی ایم ایف کی ایم ڈی کرسٹلینا جیارجیوا سے ملاقات میں بات چیت ہوئی ہے جس کے نتیجے میں آئی ایم ایف کا وفد نئے موسمیاتی تبدیلی قرض پروگرام پر مذاکرات کرے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی معیشت کو 2 سال پہلے موسمیاتی تبدیلیوں سے 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا، آئی ایم ایف نئے قرض پروگرام میں موسمیاتی تبدیلیوں کے نقصانات کم کرنے میں مدد کرے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نئے قرض پروگرام میں موسمیاتی تبدیلی کے اقدامات اور اہداف کا جائزہ لے گا، موسمیاتی تبدیلیوں کے نئے قرض پروگرام پر بات چیت مارچ کے پہلے ہفتے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مارچ کے اوائل میں ہی آئی ایم ایف کا ایک اقتصادی جائزہ مشن پاکستان آئے گا، 7 ارب ڈالر کے قرض پروگرام میں سے ایک ارب ڈالر کی اگلی قسط کیلئے مذاکرات ہوں گے۔ آئی ایم ایف کو جولائی سے دسمبر تک کی معاشی کارکردگی پر بریفنگ دی جائے گی۔

 
 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *