اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ حکومت ہوش کے ناخن لے، لوگوں کو دیوار سے مت لگائے۔
اسلام آباد میں قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ ورکشاپ سے عمر ایوب نے خطاب میں کہا کہ وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور کو سیمینار کرانے پر مبارک باد دیتا ہوں، آئین حکومت اور عوام کے درمیان سماجی معاہدہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختون خوا کو فاٹا انضمام اور خالص پن بجلی منافع بھی ادا نہیں کیا جا رہا، صوبوں کو وسائل کی تقسیم کا نظام اس وقت غیر فعال ہو گیا ہے، ملک میں صنعتی شعبے چل نہیں رہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ملک میں کوئی سرمایہ کاری کرنے کے لیے تیار نہیں، حکومت انضمام شدہ اضلاع کے عوام کو ان کا حصہ نہیں دے رہی۔
عمر ایوب نے مزید کہا کہ بلوچستان کے معاملے میں آپ نے آنکھیں بند کی ہوئی ہیں، وزیرِ داخلہ کے پاس ان حالات سے نمٹنے کی صلاحیت ہی نہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومت بجلی کے بلوں میں اضافہ کرے گی، کپیسٹی پیمنٹس کی ذمے دار مسلم لیگ ن ہے، آپ کو بلوچستان اور خیبر پختون خوا کی حکومتوں کی رائے تسلیم کرنا ہو گی۔
Leave a Reply