|

وقتِ اشاعت :   6 hours پہلے

کوئٹہ:  بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان پاکستان کا دل اور رقبے کے لحاظ سے سب سے بڑا صوبہ ہے،

اس صوبے کو قدرت نے بیش بہا نعمتوں سے نوازا ہے،

یہاں کے قدرتی وسائل، خوبصورت ساحلی مقامات، جغرافیہ کی بہت زیادہ اہمیت ہے، بلوچستان ترقی کرے گا تو پاکستان ترقی کرے گا۔

اپنے دفتر میں بزنس کمیونٹی کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب کاروباری سرگرمیاں بڑھتی ہیں تو ملک میں استحکام آتا ہے اور لوگ خوشحال ہوتے ہیں۔

بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ کا مقصد یہی ہے کہ ہم وہ راستے تلاش کریں جو معاشی و اقتصادی ترقی کی منزل کا تعین کریں۔ ہم سب کو ملکر ملکی و بیرونی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہوگا۔

وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی سربراہی میں حکومت بلوچستان اور بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ اس مقصد کیلئے سرگرم عمل ہیں، سرمایہ کاروں اور کاروباری حضرات کو بے شمار سہولیات اور مراعات دی جا رہی ہیں۔

کاروبار کیلئے بہترین ماحول فراہم کیا گیا ہے۔

بزنس کمیونٹی کے سوالوں کا جواب دیا جا رہا ہے اور انکے تحفظات دور کئے جا رہے ہیں۔خام مال کی دستیابی،ساحلی پٹی اور گوادر ڈیپ سی پورٹ کی ترقی،وسط ایشیائی ممالک، خلیجی ریاستوں اور دیگر پڑوسی ممالک تک رسائی، محنتی مزدور، تمام بنیادی انفراسٹرکچر والے صنعتی زون اور لچکدار حکومتی پالیسیاں اس بات کی گواہی دیتی ہیں کہ حکومت اس مقصد میں سنجیدہ ہے۔

بلوچستان میں سرمایہ کاری کیلئے مائنز اینڈ منرلز، لائیو اسٹاک، توانائی، زراعت، ساحلی ترقی، انڈسٹریل زونز اور دیگر شعبے نہایت موزوں ہیں۔

کاروباری حضرات ان مواقع سے فائدہ اٹھائیں اور بلوچستان میں اپنے کاروبار کو وسعت دیکر نہ صرف اپنے بزنس کیلئے نئی راہیں کھولیں بلکہ اس صوبے کے لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع بھی پیدا کریں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *