|

وقتِ اشاعت :   March 7 – 2025

کوئٹہ : گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ موجودہ حساسیت کو سنجیدگی سے لینے اور پائیدار حل کی طرف بڑھنے کی اشد ضرورت ہے کیونکہ پرامن معاشرہ ہی حقیقی معنوں میں ترقی و خوشحالی حاصل کر سکتا ہے۔

پورے خطے میں کشیدہ صورتحال کے پیش نظر حکومت کی ذمہ داریاں بڑھ چکی ہیں کہ وہ صوبیبھر میں امن و آشتی کی فضا کو برقرار رکھنے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ بالخصوص کوئٹہ کے تاجروں اور صرافوں کی حفاظت کیلئے اقدامات اٹھائے. ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسپکٹر جنرل پولیس معظم جا انصاری سے گفتگو کرتے ہوئے کیا.

ملاقات کے دوران اسپیشل سیکرٹری ہوم ڈیپارٹمنٹ عبدالناصر دوتانی، ڈی آئی جی اعتزاز گورایا اور پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان ہاشم خان غلزئی بھی موجود تھے.

گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ جرائم اور دہشت گردی دو مختلف چیزیں ہیں جن سے نمٹنے کیلئے مختلف طریقہ کار کی ضرورت ہوتی ہے۔ پرامن بلوچستان کے مقصد کو حاصل کرنے کیلئے موثر پولیسنگ بہت ضروری ہے جو عوام کے بھرپور تعاون کے ذریعے پورا کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی شاہراہوں کا ملکی تعمیر و ترقی میں کلیدی کردار ہے. قومی شاہراہیں جو کہ عام لوگوں، ٹرانسپورٹ، مسافروں اور مریضوں کیلئے بہت ضروری ہیں، کو ہر قسم کی نقل و حرکت کی سہولت کیلئے کھلا رکھا جانا لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے سیاسی اکابرین، سول سوسائٹی اور میڈیا پرسنز اجتماعی مفاد کی خاطر پرامن بلوچستان کیلئے اپنے حصے کا کردار ادا کریں۔

حکومت اور عوام ملکر کام کر کے ایک زیادہ پرامن اور خوشحال بلوچستان کو یقینی بنایا جا سکتا ہے جہاں ہر شہری کو ترقی کی منازل طے کرنے کے مواقع میسر ہو۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *