|

وقتِ اشاعت :   10 hours پہلے

پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کل سہ پہر 3 بجے ہوگا۔ مشترکہ اجلاس میں صدر مملکت کے خطاب کے علاوہ اور کوئی کارروائی نہیں ہوگی۔ بغیر خصوصی دعوت نامے کے کسی کو داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔ اسپیکرایازصادق صدارت کریں گے ۔ صوبائی گورنرز،  وزرائے اعلیٰ اور صوبائی اسمبلیوں کے اسپیکرز کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔

قومی اسمبلی ذرائع کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے ساتھ تینوں مسلح افواج کے سربراہان کو بھی دعوت نامے ارسال کیے گئے ہیں ۔ پاکستان میں غیرملکی سفارتکاروں اعلیٰ بیوروکریسی اورآئینی اداروں کے سربراہان کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی کے ساتھ صدر آصف علی زرداری کا پارلیمنٹ آمد پراستقبال کریں گے۔

اسپیکر چیمبر میں صدرمملکت کی وزیراعظم سے ملاقات بھی ہوگی ۔ صدرمملکت آصف زرداری کا مشترکہ اجلاس سے خطاب زیادہ طویل نہیں ہوگا ۔

صدر زرداری حکومت کی ایک سالہ کارکردگی کا احاطہ کرنے کے ساتھ  حکومت کو بعض تجاویزدیں گے۔ قومی امور اور آئندہ کے روڈ میپ پر بھی گفتگو کریں گے۔ صدر کا خطاب مکمل ہوتے ہی اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا جائے گا۔

 اپوزیشن کا صدر کے خطاب کے موقع پر احتجاج کا پلان ہے۔ تمام اراکین کوشرکت کی ہدایت کر دی گئی۔ جبکہ حکومتی اراکین کو اپوزیشن کا احتجاج ناکام بنانے کا ٹاسک سونپا گیا ہے۔ مشترکہ اجلاس کے موقع پر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات ہوں گے۔ ایف سی، رینجرز اور اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری پارلیمنٹ ہاؤس کےباہرتعنیات ہوگی۔

صدر کی تقریر میں حکومت کے اہم معاشی اقدامات اور نتائج کا بھی ذکر ہوگا، صدر مملکت کی جانب سے غریب طبقے کے لیے بعض اعلانات بھی متوقع ہے۔ ایوان صدر نے ممکنہ اعلانات کے حوالے سے بھی تفصیلات مانگ لیں۔ صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے تنخواہ دار اور کم آمدن طبقے کو بڑا ریلیف دینے کےلیے اہم اعلان متوقع ہے۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *