|

وقتِ اشاعت :   17 hours پہلے

وزیراعظم نے کہا ہے کہ دہشت گردی نے پھر سر اٹھا لیا ہے، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری ہے، امن کے حصول تک ترقی اور خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیرنہیں ہوسکتا۔ ملک میں میکرواکنامک استحکام آیا ہے۔ شرح نمومیں اضافہ اب ترجیح ہے۔ ریلوے کی مکمل ٹرانسفارمیشن ناگزیر ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے وفاقی کابینہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ میں توسیع کے بعد یہ پہلا باضابطہ اجلاس ہے، کابینہ میں نئے ارکان کی شمولیت سے کارکردگی مزید بہتر ہوگی، آئی ایم ایف کی معاونت اور آپ کی محنت سے ملک میں میکرو اکنامک استحکام آیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ شرح نمو میں اضافہ اب ہماری ترجیح ہے، معاملات تسلی بخش اور اچھے طریقے سے آگے بڑھ رہے ہیں، آئی ایم ایف کا مشن پاکستان کے دورے پر ہے، آئی ایم ایف وفد سے بات چیت کر رہے ہیں، آئی ایم ایف پروگرام ملکی ترقی کیلئے اہم ہے۔

انھوں نے کہا کہ زراعت، تجارت اور آئی ٹی کی وزارتوں کا شرح نمو سے براہ راست تعلق ہے، ریلوے کی مکمل ٹرانسفارمیشن ناگزیر ہے، بحری امور کے شعبے میں بے پناہ صلاحیت ہے، ہر تین ماہ بعد وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ وزارتوں کی کارکردگی سے متعلق قوم کو آگاہ کیا جائے گا، منتخب نمائندے عوام کی خدمت کیلئے آئے ہیں، دہشت گردی نے پھر سراٹھایا ہے، خیبرپختونخوا، بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہر روزسیکیورٹی فورسز کے افسر اور جوان قوم کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں، امن کے حصول تک ترقی اور خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا، سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، رواں ماہ ترسیلات زر 3.1 ارب ڈالر رہیں جو انتہائی خوش آئند ہے۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *